بھاری فیسیں لینے والے اسکولوں کی شامت آگئی،ایف آئی اے کا چھاپہ، ریکارڈ ضبط

جمعہ 14 دسمبر 2018 19:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ کے حکم کے بعد کراچی ،حیدرآباد،سکھر،لاڑکانہ اورخیرپورسمیت سندھ کے دیگرشہروں میں ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے اسکولوں پر چھاپے مار کر ریکارڈ تحویل میں لے لیاجبکہ 22 بڑے نجی اسکولوں سے متعلق مراسلہ جاری کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نجی اسکولوں کی فیسوں پر سپریم کورٹ کے حکم پر ایف آئی اے حرکت میں آگئی، ایف آئی اے نے کراچی ،حیدرآباد،سکھر،لاڑکانہ اورخیرپورسمیت سندھ کے دیگرشہروں میں اسکولوں پر چھاپے مار کر ریکارڈ تحویل میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سندھ زون نے سپریم کورٹ کے حکم پرفیسوں میں اضافے سے متعلق کارروائی کرتے ہوئے 16 اسکولوں کو سیل کردیا اور متعدد اسکولوں کا ریکارڈ قبضے میں لے لیاہے۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے حکام کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایات پراسکولوں کا ریکارڈ قبضے میں لیا گیا ہے، جن اسکولوں کوسیل کیا گیا ہے ان میں سٹی اسکول ، بے ویواکیڈمی، بیکن ہائوس، جنریشن اسکول، فروبل ایجوکیشن سینٹر، سولائزیشن اسکول شامل ہیں جب کہ بیکن ہائوس اورسٹی اسکول کی متعدد برانچزسیل کردی گئی ہیں۔

اس سے قبل ایف آئی اے نے 22 بڑے نجی اسکولوں سے متعلق مراسلہ جاری کیا تھا ، مراسلہ ایف آئی اے کے تمام زونز کے سربراہان کو لکھا گیا، جس میں اسکولوں میں مالکان اورسی ای اوز کی کرپشن کی تحقیقات کی ہدایت کی گئی۔مراسلے میں کہا گیا تھا کہ اسکولوں کامینوئل اور کمپیوٹرائیزڈ ریکارڈ تحویل میں لیا جائے،اسکولوں میں بیکن ہائوس،سٹی اسکول سسٹم، روٹس، ملینیم شامل روٹس آئی وی، لر ننگ الائنس، فروبلز اسکول سسٹم ، سلامت اسکول سسٹم، جنریشن اسکول کراچی اور سولائیزیشن اسکول سسٹم کراچی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزسپریم کورٹ نے بڑے نجی اسکولوں کو فیس میں 20 فیصد کمی کا حکم دیتے ہوئے سالانہ 8 فیصد سے زیادہ اضافہ پر پابندی لگادی تھی اور21 بڑے اسکولوں کے اکائونٹس تحویل میں لینے اورکھاتے ضبط کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ نجی اسکولزکوغیرضروری منافع نہیں کمانے دیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں