مشاعروں سے طلباء و طالبات کے علمی و ادبی ذوق کی آبیاری ہوتی ہے،شیخ الجامعہ ڈاکٹر ایس الطاف حسین

جمعہ 22 مارچ 2019 18:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) وفاقی اردو یونیورسٹی ، شعبہ اردو کے تحت عبدالحق کیمپس میںہونے والے مشاعرے میں شریک طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی شیخ الجامعہ ڈاکٹر ایس الطاف حسین نے کہا کہ مشاعروں سے طلباء و طالبات کے علمی و ادبی ذوق کی آبیاری ہوتی ہے۔شیخ الجامعہ نے خوبصورت مشاعرے کے انعقاد پرخوشی کا اظہار کیااور مبارکباد دی اس طرح کے مشاعرے جامعہ اردومیں بین الاقوامی سطح پر بھی منعقد کئے جانے چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ آج عام معیار کے اشعار کے ساتھ ساتھ بہت اچھے اشعار بھی سننے کو ملے۔انہوں نے بابائے اردو مولوی عبدالحق کیلئے تعارفی کلمات کہتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارا ادبی اور تہذیبی سرمایہ ہے اور اردو زبان کی ترویج کیلئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب کی صدارت معروف شاعرڈاکٹر شاداب احسانی نے کی اورکنوینر کے فرائض ڈاکٹریاسمین سلطانہ جبکہ نظامت ڈاکٹرفیاض ویدنے انجام دی۔

مشاعرے میں شاداب احسانی،عبدالحکیم، ناصرخالد،خالد معین،خلیل اللہ فاروقی،نزہت عباسی،یشب تمنّا،سلیم فوز، فہیم شناس، نیل احمد،فیاض ویداور شبنم ایمان نے اپنے کلام پیش کئے جسے طلبہ و طالبات نے ذوق وشوق سے سنا۔صدر ِ مشاعرہ ڈاکٹر شاداب احسانی نے بزم کے تمام اراکین کو اس کامیاب مشاعرے کا انعقاد کرنے پر ان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے مشاعروں میں شرکت کرنے سے خوشی ہوتی ہے۔

ڈاکٹر یاسمین سلطانہ نے اظہار تشکر کرتے ہوئے ڈاکٹر ایس الطاف حسین اور تمام مہمانوں کا تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شعبہ اردو آئندہ بھی اس نوعیت کے پروگرام منعقد کرتا رہے گاجس میںملک کے معروف شاعروں کو مدعو کیا جائے گا۔اس پروگرام میں اساتذہ ،طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں