پاکستان کوزیادہ نقصان انتہاپسندی اور عدم برداشت کے نتیجے میں ہونے والی دہشت گردی سے ہوا ہے،ڈاکٹر اجمل خان وائس چانسلر جامعہ کراچی

ہفتہ 23 مارچ 2019 18:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 23 مارچ کا دن ملکی کی تاریخ کا عظیم دن ہے۔یہ دن ہمیں تحریک آزادی سے جوڑے ہر فرد بالخصوص بانیانِ پاکستان کی غیر متزلزل قیادت اور ان کی لازوال جدوجہد اور یقین کی یا ددلاتاہے۔طلباء میں کردار سازی کے ذریعے معاشرے میں عدم برداشت اور انتہاپسندی کے تدارک کیلئے جامعات کلیدی کرداراداکرسکتی ہیں۔

پوری پاکستانی قوم پاکستان میں مستقل قیام امن کیلئے بہادر مسلح افواج کے ساتھ ہے ،ظاہری اور چھپے ہوئے دونوں طرح کے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی پاک فوج کا ایک ایک سپاہی اس ملک اور قوم کی خاطر اپنی جان قربان کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

آج ملک بھر اور بالخصوص روشنیوں کے شہر کراچی میں قائم ہونے والا امن عسکری اداروں کی لازوال قربانیوں کا منہ بولتاثبوت ہے۔

عدم برداشت کا رویہ معاشرہ میں بگاڑ کا سبب بنتا ہے اس لئے کسی بھی مہذب معاشرہ میں عدم برداشت کے رویہ کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی ، دلائل سے ہی دوسرے کو قائل کیا جا سکتا ہے۔پاکستان کو اتنا نقصان جنگوں سے نہیں ہوا جتنا انتہاپسندی اور عدم برداشت کے نتیجے میں ہونے والی دہشت گردی سے ہوا ہے۔علم کی طاقت بندوق کی طاقت سے بہت زیادہ ہے ،ہمیں علم کے میدان میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے کیونکہ علم ہی کامیابی وکامرانی کا واحد زینہ ہے۔

اپنی تعلیم کو صرف ڈگری کے حصول تک محدود نہ رکھیں بلکہ اس کو ملک وقوم کی ترقی اور معاشرے کی فلاح وبہبود کے لئے استعمال کریں۔آج کے نوجوان جدوجہد اور قربانیوں کی اس داستان کا حصہ تو نہیں رہے لیکن وہ ملک کو حقیقی معنوں میں قائد کا پاکستان بنا کر اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ ہمیں قرارداد پاکستان کی روح کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ تا کہ کھوئی ہوئی منزل تلاش کر سکیں اور پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر سکیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں