جامعہ کراچی، وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اجمل خان کا سابق وائس چانسلر ڈاکٹر جمیل جالبی کے انتقال پر اظہار تعزیت

جمعرات 18 اپریل 2019 18:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے جامعہ کراچی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر جمیل جالبی کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر جمیل ایک عظیم محقق،ماہر تعلیم نقاد اور صفِ اول کے ادیب تھے۔انہوں نے اُردو زبان اور ادب کے خزانے میں لازوال اضافہ کیا ہے۔

ان کی مرتب کردہ ضخیم اُردو انگریزی لغت ان کا ایک تاریخی کا رنامہ ہے۔پاکستانی کلچر پر ان کی کتاب ایک سند کا درجہ رکھتی ہے۔بطور مورخِ ادب پوری اُردو دنیا میں ان کا کوئی ہمسر نہیں ہے۔مترجم کی حیثیت سے بھی ان کا کوئی ثانی نہیں،انہوں نے انگریزی تنقید کے بہترین مضامین کو ’’ارسطوسے ایلیٹ تک ‘‘ کے نام سے ترجمہ کرکے شائع کیا ہے۔

(جاری ہے)

جامعہ کراچی میں 1983 ء سے 1987 ء تک انہوں نے وائس چانسلر کے منصب پر رہ کر اعلیٰ ترین تعلیمی خدمات دیں۔

شیخ الجامعہ ڈاکٹر اجمل خان نے مزید کہا کہ یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ مرحوم نے اپنا نادرکتب خانہ کراچی یونیورسٹی کو عطیہ کیا ہے جس کے لئے ڈاکٹر جمیل جالبی لائبریری وریسرچ سینٹر کے نام سے علیحدہ عمارت زیر تعمیر ہے۔ڈاکٹر جمیل جالبی کی موت اُردو اب ،تنقید ،لسانیات اور تحقیق کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔یہ کبھی پُر نہیں ہوسکتا،اللہ تعالیٰ اُن کو جنت الفردوس میں بلند مقام عطافرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطافرمائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں