جامعہ کراچی، یو ایس ایڈ کے پاکستان ریڈنگ پروجیکٹ کے تحت کلیہ تعلیم کی چھ طالبات میں کمپیوٹر ٹیبلیٹ تقسیم

منگل 16 جولائی 2019 22:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2019ء) امریکی ادارے یو ایس ایڈ کے پاکستان ریڈنگ پروجیکٹ کے تحت جامعہ کراچی کے شعبہ ٹیچرز ایجوکیشن کی گذشتہ تین بیچز میں نمایاں کارکردگی کی حامل چھ طالبات میں کمپیوٹر ٹیبلیٹ تقسیم کیے گئے جس کی تقریب منگل کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں زیر صدارت شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی منعقد ہوئی۔

اس موقع پرجامعہ کراچی کے رئیس کلیہ تعلیم پروفیسر ڈاکٹرناصر سلمان،مختلف شعبہ جات کے صدور اور یو ایس ایڈ کے پاکستان ریڈنگ پراجیکٹ کے چھ ممبران بھی موجود تھے۔یوایس ایڈ کے انجم پرویز نے مذکورہ پراجیکٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا بنیادی مقصد کلاس رومز میں دی جانے والی تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بناناہے۔

(جاری ہے)

پراجیکٹ کے مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے افتتاح کے بعد سے کلاس رومز میں بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ پراجیکٹ کے تحت ذہین طلباوطالبات کو چارسالہ بی ایڈ پروگرام کے آٹھ سیمسٹرز کے دوران ایک لاکھ ساٹھ ہزار روپے اسکالر شپ کی مد میں دیئے گئے ۔ان طلبہ کو یہ رقم آٹھ قسطوں میں فی کس بیس ہزار روپے کے حساب سے اسکالرشپ کی مد میںدی گئی ہے۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ کلیہ تعلیم میں معیارتعلیم میں کافی بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

اسپیشل ایجوکیشن اور ٹیچرز ایجوکیشن کے طلبہ نمایا ں کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ڈاکٹر خالد عراقی نے جامعہ کراچی کی جانب سے یوایس ایڈ پراجیکٹ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم اپنے طلبہ کو زیادہ سہولیات اور مواقع فراہم کریں،تاکہ وہ اپنی ذہنی صلاحیتوں کا لوہامنواسکیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذکورہ پراجیکٹ بی ایڈ کے اساتذہ اور طلبہ کے لئے معاون ثابت ہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں