جامعہ کراچی ،وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت پاکستان کے سمیر میر شیخ کی وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی سے ملاقات

منگل 16 جولائی 2019 22:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2019ء) وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت پاکستان کے چیئر مین برائے اسٹینڈنگ کمیٹی ہائر ایجوکیشن ،سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سمیر میر شیخ نے منگل کے روز شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ کے ہمراہ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

دوران ملاقات باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اوراکیڈیمیاء اور انڈسٹریز کے مابین اشتراک پرزوردیا اور کہا کہ عصر حاضر میں اکیڈیمیاء اور انڈسٹریزکے اشتراک کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔جامعات کو چاہیئے کہ وہ انڈسٹریز سے اشتراک کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کریں۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے یکم اور02اگست کو منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس بعنوان : ’’بلڈنگ ٹرسٹ تھروٹریڈ ‘‘ کے اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ کانفرنس کامقصد پاکستانی اور امریکی کاروباری حضرات کے مابین روابط کو فروغ دینا ہے تاکہ پاکستانی برآمد ات میں اضافہ ہو اور پاکستانی اشیاء کو امریکی مارکیٹس تک رسائی حاصل ہوسکیں۔

(جاری ہے)

اس سے نہ صرف پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستانی معیشت بھی مضبوط ہوگی جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔سمیرمیر شیخ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ امریکی وفد مذکورہ کانفرنس میں شرکت کرنے کے ساتھ ساتھ وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت پاکستان اور کراچی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کا بھی دورہ کریں اور ملکی کاروباری شخصیات سے بالمشافہ ملاقات کرکے دونوں ممالک کے مابین تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کلیدی کردار اداکریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں