ملک کی ترقی کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، وائس چانسلر جامعہ کراچی

جمعرات 22 اگست 2019 22:37

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2019ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات کا اہتمام وہ ہی لوگ کرتے ہیں جو آزادی کے معنی اور اس کی اہمیت جانتے ہیں، جشن آزادی کی تقریب ایک طرف تو خوشی کے اظہار کا ایک ذریعہ ہے تو دوسری جانب ایسے پروگرامز ہمیں یاددلاتے ہیں کہ ملک کی ترقی اور فلاح وبہبود کے لئے ہم سب کو مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے فارن اسٹوڈنٹس ایڈوائزر کے زیر اہتمام جشن آزادی کے سلسلے میں جامعہ کراچی کے ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ کی سماعت گاہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ مذکورہ تقریب غیر ملکی طلبہ کے ساتھ منائی جا رہی ہے یہ طلبہ بھی جامعہ کراچی ملک کے دیگر شہروں اور کراچی کے طلبہ کی طرح عزیز ہیں۔

(جاری ہے)

ان غیر ملکی طلباوطالبات کو جوش وجذبہ دیکھ کر بیحد خوشی ہورہی ہے اور یقیناً پاکستان ان کے اپنے مادر وطن کے بعد ایک بہترین وطن ہے۔ جامعہ کراچی کی بہترین تدریس وتحقیق کی وجہ سے نہ صرف پورے پاکستان بلکہ بیرون ممالک سے بھی طلبہ کی ایک بڑی تعداد حصول علم کے لئے آتے ہیں ۔ اس موقع پر فارن اسٹوڈنٹس ایڈوائزرڈاکٹر شمائلہ شفقت علی اور غیر ملکی طلباوطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

کینیا کے کراچی میں تعینات قونصل جنرل محمد حنیف جانونے کہاکہ انہوں نے اپنی اعلیٰ تعلیم جامعہ کراچی سے ہی حاصل کی تھی اور آج یہاں اس تقریب میں شرکت سے میری پرانی یادیں تازہ ہوگئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کینیا سے سب سے زیادہ چائے درآمد کرتاہے جبکہ کینیا پاکستانی چاولوں کی ایک بڑی مارکیٹ ہے۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ زیادہ سے زیادہ غیر ملکی طلبہ بالخصوص کینیا کے نوجوانوں کو جامعہ کراچی کی اعلیٰ تدریس وتحقیق سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیئے۔

رئیسہ کلیہ علم الادویہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر راحیلہ اکرام نے غیر ملکی طلبہ کی پروگرام میں شرکت اور ان کی جانب سے پیش کئے جانے والے ملی نغموں ،ٹیبلوز اور تقاریر لائق تحسین ہیں اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ جامعہ کراچی اور پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔ تقریب میں شریک مختلف ممالک کے طلبہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام امن پسند اور محبت کرنے والے ہیں اور بالخصوص کراچی جہاں مختلف قوموں اورزبانوں کے لوگ رہتے ہیں ۔

پاکستان14 اگست 1947ء کو قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں کی کوششوں سے معرض وجود میںآیا اور ہماری طرف سے تمام پاکستانیوں کو جشن آزادی مبارک ہو۔ ہم جامعہ کراچی میں زیر تعلیم طلبہ جامعہ کراچی اور پاکستان سے محبت کرتے ہیں ۔ فارن اسٹوڈنٹس ایڈوائزر ڈاکٹر شمائلہ شفقت علی نے کہا کہ مذکورہ تقریب کے انعقاد کا مقصد غیرملکی طلبہ کے ذریعے پوری دنیا کو بتانا ہے کہ پاکستان نیوکلیئر پاور ہونے کے باوجود امن پسند، دیگر ممالک سے دوستانہ تعلقات قائم کرنے کا خواہشمند اور پاکستانی عوام محبت کرنے والی عوام ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں