چینی یونیورسٹی کا جامعہ کراچی کے لئے 7ہزار ماسک کا تحفہ

وائس چانسلر جامعہ کراچی نے مشکل کی اس گھڑی میں ہر قسم کی مدد کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا

پیر 6 اپریل 2020 23:46

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2020ء) کراچی یونیورسٹی کلینک کو پیرکے روز چین کی سچوان نارمل یونیورسٹی کی جانب سے جامعہ کراچی کے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کے لئے 7000 سرجیکل ماسک بشمول 50سے زائد این 95 ماسک فراہم کئے گئے۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ماسک جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کے چینی ڈائریکٹر شاپنگ سے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی،رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سلیم شہزاد اور سینئر میڈیکل آفیسرجامعہ کراچی ڈاکٹر سید عابدحسن نے وصول کئے۔

اس موقع پرکنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کے پاکستانی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین خان بھی موجودتھے۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے چینی حکومت کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ چین کوروناوائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑاہے،دیرینہ دوست ملک چین کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے نہ صرف پاکستان کی بھرپور مدد اور اعانت کر رہا ہے، بلکہ چین نے اپنے ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم بھی پاکستان بھیجی ہے جو پاک چین کی مضبوط دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے،پاکستان اور چین دو ایسے ملک ہیں جو دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے سے گہرا لگا رکھتے ہیں،دنیا بھر میں پاکستان اور چین جیسی مخلصانہ دوستی کی کوئی اور مثال نہیں ملتی،پاکستان اور چین نے ایک دوسرے کو ہمیشہ بھروسہ مند اور بہترین دوست پایا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر خالد عراقی نے کراچی یونیورسٹی کلینک کے ڈاکٹر ز اور عملے کی اس مشکل وقت میں ہمہ وقت موجودگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں مشکلات سے بھاگنے کے بجائے اس کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے،چین نے کورونا وائر س کو شکست دے کر یہ ثابت کردیا ہے کہ ہمت اور حوصلے سے بڑی سے بڑی مشکلات کا بھی مقابلہ کیاجاسکتا ہے،ہمیں اس وبا ء کا من حیث القوم مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم اس وبا ء کا بہتر طور پر مقابلہ کرسکتے ہیں۔

کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے چینی ڈائریکٹرشاپنگ نے کہا کہ پاک چین دوستی ہر مشکل وقت میں اور مضبوط اور گہری ہوتی جارہی ہے،حالیہ کرونا وائرس کے مسئلے نے جب چین میں سراٹھایا تھا تو نہ صرف پاکستانی حکومت بلکہ پاکستانی عوام نے بھی چین اور چینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نیک تمناں کا اظہار کیا تھا اوردعا گوتھے کہ ہم اس مسئلے پر جلد ازجلد قابوپانے میں کامیاب ہوجائیں۔

شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی،پاکستانی ڈائریکٹر کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین خان اور دیگر نے اپنے ویڈیو پیغامات کے ذریعے چینی عوام کی ہمت بڑھائی اور اخلاقی مددفراہم کی جس کے ہم تہہ دل سے مشکور ہیں اور اب جبکہ چین نے اس مسئلے پر کافی حد تک قابوپالیا ہے تو وہ چاہتاہے کہ پاکستان کو بھی ہر ممکن سہولت فراہم کریں تاکہ وہ بھی جلد سے جلد اس صورتحال پر کنٹرول حاصل کرسکے۔

سچوان نارمل یونیورسٹی کی جانب سے 7000 سرجیکل اور این 95 ماسک اسی سلسلے کے تحت جامعہ کراچی کے حوالے کئے جارہے ہیں۔رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سلیم شہزاد نے کہا کہ سچوان نارمل یونیورسٹی چین کی جانب سے موصول ہونے والے ماسک کی بدولت کروناوائرس سے لڑنے میں مددملے گی۔چین نے ہمیشہ کی طرح اس مشکل وقت میں بھی پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑا بلکہ اس کی بھر پور مدد کررہاہے۔

دریں اثنا سینئر میڈیکل آفیسر جامعہ کراچی ڈاکٹر عابد حسن نے الخدمت کی جانب سے ڈاکٹرز کے لئے فراہم کئے جانے والے حفاظتی سوٹ، دستانوں اور سینیٹائزر کے بارے میں بتایا اور ان کے تعاون پر شکریہ اداکیا۔انہوں نے کہا کہ تاحال اس وباکی کوئی ویکسین تیار نہیں ہوئی اس کا واحد علاج احتیاطی تدابیرہے جس کی بدولت نہ صرف آپ اپنے آپ کو بلکہ اپنے خاندان اور دوست احباب کو بھی اس وباسے محفوظ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بارباراچھے طریقے سے ہاتھ دھونااور سماجی فاصلوں سے اس وبا کو روکا جاسکتا ہے۔ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کے پاکستانی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین خان نے سچوان نارمل یونیورسٹی اور بالخصوص چینی حکومت کا سرجیکل اوراین 95 ماسک کی فراہمی پر شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ چین کی جانب سے تعاون کایہ سلسلہ ہمیشہ جاری رہے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں