جامعہ کراچی کا چینی زبان اور ثقافت پر مبنی چارسالہ ڈگری پروگرام کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پہلے دوسال کلاسز جامعہ کراچی جبکہ آخری دوسال کی کلاسز سچوان نارمل یونیورسٹی چین میں ہوں گی

بدھ 8 جولائی 2020 18:52

کراچی۔8 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2020ء) جامعہ کراچی اور چین کی سچوان نارمل یونیورسٹی کے اشتراک اور سینٹر آف لینگویج ایجوکیشن اینڈ کوآپریشن(چین)کے تعاون سے جامعہ کراچی میں چینی زبان اور ثقافت پر مبنی چارسالہ ڈگری پروگرام شروع کرنے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق اس حوالے سے تقریب بدھ کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔

جامعہ کراچی کی جانب سے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جبکہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کے چینی ڈائریکٹرشاپنگ نے سچوان نارمل یونیورسٹی کے صدر پروفیسرڈاکٹر وانگ مینگی اور سینٹر آف لینگویج ایجوکیشن اینڈ کوآپریشن(چین)کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ماجیانفی کی نمائندگی کرتے ہوئے دستخط کئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سلیم شہزاد،کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کے پاکستانی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین خان،ممبرسنڈیکیٹ جامعہ کراچی صاحبزادہ معظم قریشی،ناظم امتحانات ڈاکٹر سید ظفر حسین،ناظم مالیات طارق کلیم،مشیر امورطلبہ ڈاکٹر سید عاصم علی،فارن اسٹوڈنٹس ایڈوائزر ڈاکٹر شمائلہ شفقت اور چائینز فیکلٹی ممبران اور دیگر بھی موجود تھے۔

مفاہمتی یادداشت کے مطابق جامعہ کراچی کے طلبہ پہلے دوسال کی کلاسز جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جبکہ آخری دوسال کا تدریسی عمل سچوان نارمل یونیورسٹی چین میں مکمل کریں گے۔ اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کا بنیادی مقصد پاکستانی طلبہ کو چینی زبان اور ثقافت سے روشناس کرانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں چین ایک بڑی عالمی معیشت بن کر ابھر ا ہے اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی نئے سنگ میل عبور کر رہاہے اس ضمن میں چینی زبان اور کلچر سے آگاہی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے باہمی مفادات کا دفاع کیا ہے اور مشکل حالات میں بھی ایک دوسرے کا ساتھ نہیں چھوڑا۔جامعہ کراچی اور چین کی سچوان نارمل یونیورسٹی کے اشتراک سے جامعہ کراچی میں چینی زبان اور ثقافت پر مبنی چارسالہ ڈگری پروگرام شروع کرنے والی جامعہ کراچی پاکستانی کی پہلی واحد جامعہ ہے جو کسی چینی جامعہ کے ساتھ چینی زبان وثقافت پر مبنی ڈگری پروگرام شروع کررہی ہے۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ مذکورہ پروجیکٹ کے ذریعے جامعہ کراچی اورسچوان نارمل یونیورسٹی کے مابین تعلیمی اشتراک اور ایکسچینج پروگرام کو فروغ دینا ہے۔اس ضمن میں طلبہ اور اساتذہ کے ایکسچینج پروگرامز اور ریجنل اسٹڈی پروگرامز بھی منعقد کئے جائیں گے۔ چین میں دوران تدریس سینٹر فار لینگویج ایجوکیشن اینڈ کوآپریشن اسکالرشپ فراہم کرے گا جس میں ٹیوشن اور رہائش کے اخراجات شامل ہیں۔

سیچوان نارمل یونیورسٹی کے بین الاقوامی طلبا کے لئے وظائف کی ضوابط کے مطابق تقسیم کا انتظام کرنا بھی شامل ہے۔ چینی ڈائریکٹر پروفیسر ژانگ شاپنگ نے کہا کہ جامعہ کراچی میں قائم کنفیوشش انسٹی ٹیوٹ ملک کا سب سے بڑاکنفیوشس انسٹی ٹیوٹ بن چکا ہے جس میں 30 چینی اساتذہ،2 مقامی اساتذہ اور جامعہ کراچی سمیت6 ٹیچنگ سائٹز ہیں جس میں سات ہزارسے زائد طلبہ انرولڈ ہیں۔

کنفیوشش انسٹی ٹیوٹ کا مقصد ملک کا سب سے بڑا چینی تعلیمی ادارہ بننا ہے اورطلبہ کو ان کے مستقبل میں کیرئیر کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تدریسی اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے کافی اقدامات اٹھائے گئے ہیں،جن میں پری ٹیچرز ٹریننگ،کلاس کنٹرول اور طلبہ و اساتذہ کی نگرانی کا نظام شامل ہے۔ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے پاکستانی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین خان نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کا تیزی سے ترقی کے منازل طے کرنا چینی اساتذہ کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں