محمد علی جناح یونیورسٹی کے ڈاکٹر کاشف اسحٰق دنیا کے بہترین سائنسدانوں میں شامل ہوگئے

منگل 24 نومبر 2020 16:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2020ء) امریکہ کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی گلوبل کی جانب سے دنیا کے دو فیصد بہترین ریسرچ سائینسدانوں کی جو فہرست شائیع کی گئی ہے اس میں پاکستان کے 81ریسرچ اسکالرز کے نام شامل ہیں جن میں محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی (ماجو) کے الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ کے شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر کاشف اسحاق کا نام بھی شامل ہے ۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ الیکٹریکل اینڈ الیکٹرانکس انجینئرنگ کی فیلڈ میںپاکستان سے اس فہرست میں شامل کئے جانے والے وہ واحد ریسرچ سائینسداں ہیں۔ اسٹینفورڈ یونیورسٹی گلوبل نے یہ فہرست یونیورسٹی کی جانب سے کرائے جانے والے ایک سروے کے بعد جاری کی تھی جوکہ ریسرچ اسکالرز کی جانب سے 2019تک شائیع کیے جانے والے ریسرچ پیپرز کا جمع کردہ ڈیٹا کے مطابق کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ڈاکٹر کاشف اسحاق کو اس سے قبل پاکستان کونسل آف سائینس اینڈ ٹیکنالوجی (پی سی ایس ٹی) نے انجینئرنگ سائینس اینڈ ٹیکنالوجی(پی ایس ٹی) میں 2017 کے دوران پاکستان کے پراڈکٹیو سائینسدانوں کی ڈائیریکٹری میں پہلا نمبر دیا تھا۔اس کے علاوہ پی سی ایس ٹی کی جانب سے انھیں ریسرچ پراڈکٹیو ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔دریں اثنا محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے ڈاکٹر کاشف اسحاق کو دنیا کے دو فیصد بہترین سائینسدانوں میں شمار کئے جانے پر انھیں دلی مبارکباد پیش کی ہے اور اسے یونیورسٹی کے لیے ایک قابل فخر کارنامہ اور اعزاز قراردیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس سے ہمارے اس عزم کی تجدید ہوتی ہے محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کا شمار اب اس ریجن کی بہترین یونیورسٹیوں میں کیا جاتا ہے اور اب ہم اس کا شمار دنیا کی بہتری یونیورسٹیوں میں کرانے کی جانب پیش رفت کریں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں