جامعہ کراچی کے شعبہ فزیالوجی اور ورلڈ پولٹری سائنس ایسوسی ایشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعہ 21 جنوری 2022 00:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2022ء) جامعہ کراچی کے شعبہ فزیالوجی اور ورلڈ پولٹری سائنس ایسوسی ایشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب جمعرات کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔مفاہمتی یادداشت پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور ورلڈ پولٹری ایسوسی ایشن کے صدر وقارعالم نے دستخط کئے۔

اس موقع پرشیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے شعبہ فزیالوجی کے چیئرمین ڈاکٹر تاثیر احمد خان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم ایسا پروگرام تشکیل دینا چاہتے ہیں جو طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کے عملی تجربات کو بھی وسعت دے جس کی مدد سے انڈسٹری کی ضروریات کو بھی پورا کیا جاسکے۔ پروگرام کے آغازپر ہی45 طلبہ کا بی ایس پولٹری سائنس کے شعبے کا انتخاب کرنا ہماری کامیابی ہے، جامعہ کراچی کے پاس اراضی موجود ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ ڈگری پروگرام شعبہ جاتی سلسلے کے تحت آگے بڑھایا جائے۔

(جاری ہے)

چیئرمین شعبہ فزیالوجی کا کہنا تھا کہ جامعہ کراچی میں انڈسٹریل ایڈوائزری بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ جس کے تحت انڈسٹریز کی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کیا جاسکتا ہے۔ آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی کی انچارج ڈاکٹر اسماء تبسم کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ طلبہ پروگرام کے آخری سال میں ایسے پراجیکٹس اور تحقیق کریں جو انڈسٹری کی ضروریات کے عین مطابق ہو۔

صدر ورلڈ پولٹری سائنس ایسوی ایشن وقار عالم کا کہنا تھا کہ وہ ڈگری پروگرام میں ڈیجٹلائزیشن کے خواہاں ہیں۔ جدت کے اس دور میں پولٹری کے مضمون کو بھی نئے تقاضوں کا سامنا ہے۔ ہم اس حوالے سے جامعہ کراچی کی بھرپور معاونت کریں گے۔ جنرل سیکریٹری ڈاکٹر منور حسین کا کہنا تھا کہ دیگر جامعات کے مقابلے میں جامعہ کراچی کا سنجیدہ رد عمل قابل تعریف ہے۔

پولٹری سائنس ایک اہم مضمون ہے جو مستقبل میں طلبہ کو نوکریوں سمیت کاروبار کے مواقع فراہم کرسکتا ہے۔ ہم طلبہ کو انٹرشپ بھی فراہم کریں گے۔ جامعہ کراچی اور ڈبلیو پی ایس اے کے درمیان معاہدے کے تحت ورلڈ پولٹری سائنس ایسوسی ایشن جامعہ کراچی میں ٹریننگ پروگرامز کا انعقاد ممکن بنائے گی۔ طلبہ و طالبات کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور ساتھ ہی اساتذہ کی تربیتی نشستوں کا اہتمام بھی کیا جاسکے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں