کراچی،ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت جاری سالانہ امتحانات کے دوران 41امیدوار نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے

ہفتہ 21 مئی 2022 00:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2022ء) ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت جاری سالانہ امتحانات کے دوران 41امیدوار نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے۔جمعہ کے روزصبح میں حیاتیات(نظری پرچہ دوم) اور دوپہر میں علم شہریت پرچہ اول، علم بدن و حفظان صحت پرچہ اول، تاریخ ہند و پاکستان پرچہ اول، غذا اور تغذیہ نظری پرچہ اول، کمپیوٹر اسٹیڈیز (اختیاری پرچہ اول) نظری کے پرچے ہوئے۔

بورڈ کے شکایتی سیل میں لانڈھی اور کورنگی سی18 افراد کی شکایت درج ہوئی جو اصل امیدواروں کی جگہ امتحان دے رہے تھے۔ اسی طرح مختلف امتحانی مراکز سے 23 امیدواروں کی شکایت بھی درج کی گئی جو نقل کا مواد اور موبائل فون کا استعمال کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ تفصیلات کے مطابق صبح کی شفٹ میں گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول ایف سی ایریا سے سینٹر سپرنٹنڈنٹ نے 2امیدواروں سے نقل کا مواد اور موبائل فون برآمد کئے جبکہ گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول نمبر 1کورنگی سے 6امیدوار نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے اور شام کی شفٹ میں گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول لانڈھی سے 15 افراد، عزیز گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول کورنگی سے 2افراداور گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائی اسکول کورنگی سی1افراد اصل امیدواروں کی جگہ امتحانات دیتے ہوئے پکڑے گئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ابراہیم علی بھائی گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول نشتر روڈ سی6امیدوار، گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول لانڈھی سے 3 امیدوار،عزیز گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول کورنگی سے 3امیدوار، گورنمنٹ کمپری ہینسو اسکول کورنگی سے 3امیدوار نقل اور موبائل فون کا استعمال کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ چیئرمین میٹرک بورڈسید شرف علی شاہ نے امتحانی مراکز پرسینٹر سپرنٹنڈنٹ کو کہا کہ وہ امتحان کے دوران اپنا کام فرض شناسی کے ساتھ انجام دیں انہوں نے کہا کہ ہر امتحانی سینٹر پر اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ نقل میں مدد دینے والے عناصر کی نشاندہی ضرور کریں اور تمام امیدواروں کی موجودگی کی تصدیق کریں تاکہ بیرونی عناصر کی کسی بھی قسم کی غیر قانونی مداخلت سے نمٹا جا سکے۔#

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں