وزیرِ داخلہ چوہدری نثا رعلی خان کا پاکستان کوسٹ گارڈز ہیڈکوراٹرز کا دورہ

پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارکردگی، زمانہ امن و جنگ میں ساحلی سرحدوں کی حفاظت سے متعلقہ آپریشنل امور پر تفصیلی بریفننگ دی گئی

جمعہ 28 اپریل 2017 23:19

وزیرِ داخلہ چوہدری نثا رعلی خان کا پاکستان کوسٹ گارڈز ہیڈکوراٹرز کا دورہ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء) وزیرِ داخلہ چوہدری نثا رعلی خان نے جمعہ کو پاکستان کوسٹ گارڈز ہیڈکوراٹرز کا دورہ کیا۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے وزیرِ داخلہ کو پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارکردگی، خصوصاً سمگلنگ کی روک تھام، ساحلی سرحدوں کے ذریعے غیر قانونی انسانی آمدورفت کی روک تھام اور زمانہ امن و جنگ میں ساحلی سرحدوں کی حفاظت سے متعلقہ آپریشنل امور پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ملک کی ساحلی سرحدوں کی حفاظت اور مالی و انسانی سمگلنگ جیسے ملک کی بدنامی کا باعث بننے والے مسائل کی روک تھام میں پاکستان کوسٹ گارڈز اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کے افسران اور جوانوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے سلسلے میں جس حب اوطنی، فرض شناسی اور جذبے کا مظاہرہ کیا ہے اور خصوصاً پاکستان کوسٹ گارڈز کے شہدا نے جو قربانیاں پیش کی ہیں پوری قوم ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وطن کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے اپنی جانوںکی قربانی سے بڑھ کر کوئی جذبہ نہیں ہو سکتا اسکی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تناظر میں پاکستان کوسٹ گارڈز کے جوانوں کی تربیت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ فورس کی تکنیکی صلاحیتوں میں اضافے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے اور اسکے نتیجے میں ہونے والی معاشی سرگرمیوں کو کامیاب بنانے کے لئے تمام متعلقہ اداروں سے کوآرڈینیشن اور باہمی معاونت کے لئے مربوط حکمت عملی اور طریقہ کار طے کیا جائے۔

وزیرِداخلہ نے پاکستان کوسٹ گارڈ کے موجودہ اور سابقہ ڈی جیز کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ڈی جی نے اپنی صلاحیتوں اور جذبے سے پاکستان کوسٹ گارڈز کو ایک متحرک اور اہم فورس بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور اسکو وہ مقام دلایا ہے جس کا واضح اظہار اسکی موجودہ کارکردگی سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز کی تمام آپریشنل ضروریات پوری کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔ اس موقع پر پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے وزیرِ داخلہ کو سلامی پیش کی گئی۔ وزیرِ داخلہ نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے لئے فاتحہ کی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں