اُردو پوائنٹ پاکستان کراچیکراچی کی خبریںسی پیک منصوبے کے تناظر میں پاکستان کوسٹ گارڈز کے جوانوں کی تربیت کو ..

سی پیک منصوبے کے تناظر میں پاکستان کوسٹ گارڈز کے جوانوں کی تربیت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے علاوہ فورس کی تکنیکی صلاحیتوں میں اضافے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے‘ وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثا رعلی خان

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل2017ء) وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثا رعلی خان نے ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز کو ہدایت کی ہے کہ سی پیک منصوبے کے تناظر میں فورس کے جوانوں کی تربیت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ فورس کی تکنیکی صلاحیتوں میں اضافے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پاکستان کوسٹ گارڈز ہیڈکوراٹرز کے دورہ کے موقع پر کیا۔

ہیڈکوراٹرز پہنچنے پر پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے وزیرِ داخلہ کو سلامی پیش کی گئی۔ وزیرِ داخلہ نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے وزیرِ داخلہ کوکوسٹ گارڈز کی کارکردگی، خصوصاً اسمگلنگ کی روک تھام، ساحلی سرحدوں کے ذریعے غیر قانونی انسانی آمد و رفت کی روک تھام اور زمانہ امن و جنگ میں ساحلی سرحدوں کی حفاظت سے متعلقہ آپریشنل امور پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔

(خبر جاری ہے)

وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ سی پیک منصوبے اور اس کے نتیجے میں ہونے والی معاشی سرگرمیوں کو کامیاب بنانے کے لئے تمام متعلقہ اداروں سے کوآرڈینیشن اور باہمی معاونت کیلئے مربوط حکمت عملی اور طریقہ کار طے کیا جائے۔ وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثا رعلی خان نے کہا کہ ملک کی ساحلی سرحدوں کی حفاظت اور مالی و انسانی اسمگلنگ جیسے ملک کی بدنامی کا باعث بننے والے مسائل کی روک تھام میں پاکستان کوسٹ گارڈز اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

پاکستان کوسٹ گارڈز کے افسران اور جوانوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے سلسلے میں جس حب الوطنی، فرض شناسی اور جذبے کا مظاہرہ کیا ہے اور خصوصاً پاکستان کوسٹ گارڈز کے شہداء نے جو قربانیاں پیش کی ہیں پوری قوم ان کی قدر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کی قربانی سے بڑھ کر کوئی جذبہ نہیں ہو سکتا اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔

وفاقی وزیرِداخلہ نے موجودہ اور سابقہ ڈی جیز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ موجودہ ڈی جی نے اپنی صلاحیتوں اور جذبے سے پاکستان کوسٹ گارڈز کو ایک متحرک اور اہم فورس بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور اس کو وہ مقام دلایا ہے جس کا واضح اظہار اس کی موجودہ کارکردگی سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز کی تمام آپریشنل ضروریات پوری کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔

اپنی رائے کا اظہار کریں -

کراچی شہر کی مزید خبریں