حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل میں اقلیتی رہنما اہم کردار ادا کررہے ہیں، گورنرسندھ

جمعہ 23 جون 2017 21:17

حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل میں اقلیتی رہنما اہم کردار ادا کررہے ہیں، گورنرسندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) گورنرسند ھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے رہنما اصولوں کے مطابق اقلیتوں کوبنیادی حقوق اور مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ، اقلیتی برادری نہ صرف پاکستان سے والہانہ محبت اور عقیدت رکھتی ہے بلکہ ملک کی خوشحالی میں بھی شانہ بشانہ ساتھ دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں قلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لئے حکومت بھرپور اقدامات یقینی بنارہی ہے اس ضمن میں اقلیتی رہنما اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے اقلیتی ونگ کے صدر شام سندر ایڈوانی سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں اقلیتوں کے حقوق ، اقلیتوں علاقوں میں ترقیاتی کام ، صوبہ کی ترقی میں اقلیتوں کے کردار سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے کہا کہ اقلیتوں کی مالی مدد، طلبہ کے لئے اسکالر شپ، میڈیکل سہولیات اور صوبہ میں اقلیتی عبادت گاہوں کی مرمت و تعمیر کے لئے بھی حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے جبکہ اقلیتوں علاقوں میں بھی ترقیاتی کاموں کو فوقیت دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں اقلیتی برادری صحت ، تعلیم سمیت دیگر اداروں میں بھرپور خدمات انجام دے رہی ہے ،صوبہ کی ترقی و خوشحالی میں اقلیتوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتاہے ۔انہوں نے صوبہ کی تعمیر و ترقی میں ہندو برادری کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی سطح پر اقلیتوں کے لئے قانون ساز اداروں میں بھی مخصوص نشستیں رکھی گئی ہیں تاکہ اقلیتی رہنما اپنے حقوق اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور حصہ ڈال سکیں،آج اقلیتی اراکین نہ صرف اپنے حقوق کی بات کرتے ہیں بلکہ قانون سازی میں بھی بھرپور حصہ لے رہے ہیں ۔

شام سندر ایڈوانی نے اقلیتی برادری کے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے اور ان کے حل کی یقین دہانی پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں