پاکستان سمندری خوراک میں سرفہرست ملک ہے، گورنر سندھ

وفاقی حکومت سمندری حیات کی افزائش کیلئے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے، مناسب منصوبہ بندی سے شعبہ کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے ، افطار عشائیہ سے خطاب

اتوار 25 جون 2017 18:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان سمندری خوراک میں سرفہرست ملک ہے ، اس شعبہ کو مزید فروغ دینے کے لئے وفاقی حکومت سمندری حیات کی افزائش کے لئے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے، فشریز سے وابستہ افراد کی کفالت اور انھیں جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے ضمن میں رواں برس کے بجٹ میں خطیر رقم مختص کی کیونکہ فشریز ایک صنعت کا درجہ رکھتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی برڈفشریز کے چیئر مین محمد الیاس راجہ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے افطار عشائیہ سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر معروف صنعت کار ایس ایم منیر ، میاں محمو دالحسن ،مہتاب چائولہ ، سینیٹر عبد الحسیب خان ، جمشید چاندی والا اور سلطان صلاح الدین چشتی سمیت دیگر شریک تھے ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ سمندری خوراک سے پاکستان کو سالانہ بھاری زرمبادلہ حاصل ہو تا ہے اس شعبہ کو جدت دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ،فشریز شعبہ سے وابستہ افراد کی تربیت اور انھیں جدید آلات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سمندری آبی حیات کی افزائش حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں وفاقی سطح پر اہم اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں ، صوبہ سندھ میں سمندر اور دریائوں سے مچھلی، جھینگا اور دیگرسمندری حیات حاصل کی جاتی ہے جسے وسعت دی جارہی ہے اس ضمن میں تالابوں میں آبی خوراک کی افزائش کی بھرپور حوصلہ افزائی بھی کی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان چند خوش نصیب ممالک میںشامل ہے جہاں قدرت کے بیش بہا خزانے جن میں سمندر اور دریابڑی تعدا د میں موجود ہیں،مناسب منصوبہ بندی سے اس شعبہ کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے ، سی فوڈ بزنس ایک انتہائی محفوظ کاروبار ہے ، حالیہ وقتوں میں سی فوڈ کا روبار کامیاب اور منافع بخش سمجھا جاتا ہے ، ماہر معاشیات کے مطابق یہ کاروبار سرمایہ کاری سے سات گناہ زیادہ منافع بخش ہے ۔

سی ورڈ فشریز کے چیئر مین محمد الیاس راجہ نے کہا کہ سمندری خوراک سے وابستہ افراد کو جدید آلات کی فراہمی اور تربیت انتہائی ضروری ہے ، سمندری خوراک کی افزائش اور اس شعبہ کو وسعت دینے سے پاکستان کو بھاری زرمبادلہ حاصل ہو سکتا ہے ، وفاقی حکومت کے اقدامات سے اس شعبہ کے فروغ میں مدد مل رہی ہے ۔ انہوں نے فشریز شعبہ پر بھرپور توجہ دینے پر وزیراعظم اور ان کی ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں