ایم کیو ایم کے وفد کی نثار احمد کھوڑو سے ملاقات ،

کثیر جہتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت پاکستان کی حرمت کی خاطر لیڈر سے لاتعلقی کا قدم اٹھایا،کسی سیاسی جماعت نے پاکستان کی حرمت کی خاطر اپنے لیڈر سے لاتعلقی نہیں کی ،خالد مقبول صدیقی تمام جماعتیں مل کر موقف اختیار کریں گی توسازشوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے ،سیاست کا رخ متعین کرنے کے لئے دباؤ نہیں ہونا چاہیے ،نثار کھوڑو کی میڈیا سے گفتگو

پیر 21 اگست 2017 16:43

ایم کیو ایم کے وفد کی نثار احمد کھوڑو سے ملاقات ،
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء) ایم کیو ایم (پاکستان) کے وفد سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کی سربراہی میں پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو سے ملاقات اور ان کوآج(منگل) ہونے والی کثیر الجہتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ۔ایم کیو ایم (پاکستان)کے وفد میں ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی ،ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ سمیت دیگر شامل تھے ۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ نے پاکستان کی حرمت کی خاطر لیڈر سے لاتعلقی کا قدم اٹھایا،کسی سیاسی جماعت نے پاکستان کی حرمت کی خاطر اپنے لیڈر سے لاتعلقی نہیں کی ،ایسی آوازیں ایوان میں لگتی رہی ہیں دوسروں کو بھی ہمت کرنی چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ میرا نہیں خیال ہمیں کسی کویہ پیغام دینے کی ضرورت ہے کہ ہم استحکام پاکستان کیساتھ ہیں ۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ چاہتے ہیں تمام سیاسی جماعتیں قومی ایجنڈے پرساتھ ہوں،ایپی سی میں کرپشن کی روک تھام کے لئے اقدامات ہوں گے،ایم کیوایم پاکستان ملک کی سالمیت پرکوئی سمجھوتا یا مصلحت نہیں کرے گی ،کرپشن زدہ جمہوریت کا ساتھ نہیں دینا چاہیے۔ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ اے پی سی جمہوریت کے لیے ایک اہم قدم ہے ، ملک کی تمام چھوٹی بڑی جماعتوں کو دعوت دی ہے، تمام جماعتیں اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے کانفرنس میں آئیں۔

ا س موقع پر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے 22اگست کو ہونے والی کثیرالجماعتی کانفرنس کے لئے دعوت دی ہے۔ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینے پر ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ ابھی کانفرنس میں24 گھنٹے ہیں، پارٹی سے مشاورت کے بعد شرکت سے متعلق جواب دیں گے۔دعا گو ہیں کہ ایم کیو ایم پاکستان کی یہ کانفرنس کی کوشش کامیاب ہو۔انہوںنے کہا کہ سیاسی جماعتیں مذاکرات پر یقین رکھتی ہیں۔تمام جماعتیں مل کر موقف اختیار کریں گی توسازشوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے ۔سیاست کا رخ متعین کرنے کے لئے دباؤ نہیں ہونا چاہیے ۔نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ہم جمہوریت کے ساتھ تھے،ہیں اوررہیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں