گورنر سندھ محمد زبیر کی مزار قائد پر پاکستان موٹر ریلی کی تقریب میں شرکت

پیر 23 اکتوبر 2017 20:38

گورنر سندھ محمد زبیر کی مزار قائد پر پاکستان موٹر ریلی کی تقریب میں شرکت
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے پاکستان موٹر ریلی کی تقریب میں شرکت کی، مزار قائد کے احاطہ میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں آمد کے فوراً بعد انہوں نے بابائے قوم کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ریلی پاک چین سرحدی مقام خنجراب سے شروع ہوئی تھی اور گوادر پر اختتام پذیر ہو گی، اس میں 300 کاریں اور 150 موٹر سائیکلیں شرکت کر رہی ہیں۔

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، کور کمانڈر فائیو کور لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا اور ڈائریکٹر جنرل رینجرز میجر جنرل محمد سعید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر سندھ نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اس ریلی کے منتظمین اور شرکاء کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کیونکہ یہ قیام پاکستان کی 70 ویں سالگرہ کے سلسلہ کی سب سے متاثر کن تقریب ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ ملک میں امن و امان بہتر بنانے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں، خصوصاً کراچی میں امن کے قیام سے ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہو رہا ہے، سی پیک کی آمد سے یہ ترقی مزید تیز رفتار ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عضب اور رد الفساد کے باعث دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے اور وہ بھاگنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات بہتر بنانے میں رینجرز کے ساتھ ساتھ پولیس نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ہراول دستہ کا کردار ادا کیا ہے اور پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ تمام مشکلات ،دشواریوں اور دشمنوں کی سازشوں نے پاکستانی قوم کو متحد اور منظم کیا اور وہ ملک کے استحکام کے خلاف ہر سازش کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار اور پر عزم ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اس ریلی سے امن کا پیغام عام ،قومی یکجہتی میں اضافہ ہوگا کیونکہ اس طرح کے قومی ایوینٹس اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہم نے اپنے دشمنوںکے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا ہے۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر عالمی برادری کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو ہمیشہ سراہا۔ اس موقع پر نعیم عباس روفی اور فاخر احمد نے خوبصورت ملی نغمہ پیش کرکے حاضرین کا دل موہ لیا جبکہ آتش بازی، ڈیجیٹل میپنگ اور لیزر لائٹس کے شو نے حاضرین کو بہت زیادہ محظوظ کیا۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر مزار کے احاطہ میں موجود کاروں اور موٹر سائیکلوں کا معائنہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں