کراچی دنیا کے ان شہروں میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہوئے ہیں، یونائیٹڈ نیشن ایسوسی ایشن آف پاکستان

کراچی میں فضائی آلودگی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا بین الاقوامی سطح پر نوٹس لیا جانا اہمیت کا حامل ہے ، وسیم اختر میئر کراچی

پیر 23 اکتوبر 2017 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ کراچی میں فضائی آلودگی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا بین الاقوامی سطح پر نوٹس لیا جانا اہمیت کا حامل ہے اس سلسلے میں اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے ، یہ بات انہوں نے ملاقات کے لئے آئے ہوئے یونائیٹڈ نیشن ایسوسی ایشن آف پاکستان (UNAP )کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس میں UNAP کی صدر مس موہی، جنرل سیکریٹری غزالہ ہمایوں اور رافع عزیز شیخ شامل تھے جبکہ میئر کراچی کے مشیر فرحت خان، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، ڈائریکٹر ٹیکنیکل میئر سیکریٹریٹ ایس ایم شکیب اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، ملاقات کے دوران UNAP کے وفد نے میئر کراچی کو آگاہ کیا کہ ماحولیاتی آلودگی پر حالیہ بین الاقوامی تحقیق سے واضح شواہد ملے ہیں کہ کراچی دنیا کے ان شہروں میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہوئے ہیں اور شہر کے مختلف حصوں میں فضائی آلودگی کی شرح خطرناک حد تک زیادہ پائی گئی ہے لہٰذا UNAP ماحولیاتی بہتری کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہے اور اس مقصد کے تحت کراچی میں 5 ہزار درخت لگانے کی مہم زیر غور ہے ، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ فضائی آلودگی اس وقت دنیا بھر میں تمام بڑے اور صنعتی شہروں کا اہم ترین مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لئے ماحولیاتی بہتری کے اقدامات ناگریز ہیں بلدیہ عظمیٰ کراچی اقوام متحدہ کے تحت 2030ء تک کے لئے صحت، تعلیم، صنفی مساوات اور ماحولیات کے حوالے سے طے کردہ ترقیاتی اہداف کے حصول میں ہرممکن تعاون کرے گی اور اس ضمن میں شجرکاری مہم سمیت تمام مثبت اقدامات کا خیرمقدم کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہری سطح پر ماحولیات کی بہتری کے لئے ضروری اقدامات کر رہی ہے اور شہر میں صفائی ستھرائی اور شجر کاری کے لئے متعدد منصوبوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے جن کا مقصد ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنا اور فضائی آلودگی میں ہر ممکن حد تک کمی لانا ہے انہوں نے کہاکہ کراچی میں بلدیاتی ادارے اپنے وسائل میں رہتے ہوئے ہرممکن کوششیں کر رہے ہیں تاہم بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے سے صورتحال کو زیادہ تیزی کے ساتھ بہتر کیا جاسکتا ہے ، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور صنعتی و تجارتی مرکز ہے جہاں پورے ملک سے لوگ آکر رہتے ہیں اور کاروبار کرتے ہیں کراچی کی آبادی میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مسلسل اضافہ ہوا ہے جس کے شہر میں دستیاب وسائل پر اثرات مرتب ہوئے ہیں اور شہر کو مزید وسائل کی ضرورت رہی ہے ، شہری انتظامیہ صحت ، تعلیم، تفریحات سمیت مختلف شعبوں میں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے اپنے بجٹ کا خطیر حصہ صرف کر رہی ہے اور اس کا مقصد کراچی کے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ بہتر بلدیاتی سہولیات مہیا کرنا ہے، شہر کے لئے متعدد ترقیاتی منصوبے بنائے گئے ہیں جن پر بتدریج عملدرآمد ہو رہا ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ کراچی میں ماحولیاتی صورتحال سمیت تمام مسائل جلد از جلد حل ہو ں اور شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں