کراچی کے صدر کی حیثیت سے نہ کسی نے استعفیٰ لیا اور نہ ہی دیا ہے-ڈاکٹر عاصم حسین

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 18 نومبر 2017 14:17

کراچی کے صدر کی حیثیت سے نہ کسی نے استعفیٰ لیا اور نہ ہی دیا ہے-ڈاکٹر عاصم حسین
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18نومبر۔2017ء) سابق وزیر پیٹرولیم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر کے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا۔کراچی کی احتساب عدالت میں پیشی کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ انہیں کسی نے پارٹی عہدے سے برطرف نہیں کیا اور نہ ہی ان سے کسی نے استعفی لیا ہے۔

تاہم ان اس موقع پر انہوں نے کسی فرد کا نام لیے بغیر کہا کہ انہیں کس نے پارٹی سے ہٹایا یہ ان ہی سے پوچھیں۔انہوں نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے موصول ہونے والی ہدایت پر عمل کریں گے اور ان کے احکامات کی تعمیل کریں گے۔خیال کیا جارہا ہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کے ساتھ ذاتی حیثیت میں ہونے والی ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے ان سے وضاحت طلب کی تھی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں یہ اطلاعات بھی موصول ہوئی تھیں کہ ڈاکٹر عاصم حسین کو کراچی ڈویژن کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے تاہم اس معاملے میں پیپلز پارٹی رہنما بھی تذبذب کا شکار ہوگئے۔پیپلز پارٹی کے راہنما تاج حیدر نے ڈاکٹر عاصم کی برطرفی کے حوالے سے کہا کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور ڈاکٹر عاصم حسین کو گھر کا آدمی سمجھتے ہیں لہٰذا یہ معاملات جلد طے کر لیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ڈاکٹر عاصم حسین کو خرابی صحت کے باعث کراچی ڈویژن کے صدر کے عہدے سے سبکدوش کردیا تھا۔بلاول بھٹو کی جانب سے جاری بیان میں ڈاکٹر عاصم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ علاج کے بعد انہیں نئی ذمہ داریاں دی جائیں گی۔ڈاکٹر عاصم کو نومبر 2016 میں پیپلز پارٹی کے کراچی ڈویژن کا صدر بنایا گیا تھا۔انہیں یہ عہدہ دہشت گردوں کی مالی معاونت اور کرپشن کے الزام میں گرفتاری کے دوران سونپا گیا۔کراچی ڈویژن کی صدارت سنبھالنے اور گرفتاری سے قبل ڈاکٹر عاصم پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں وفاقی وزیر تھے لیکن پارٹی کا عہدہ نہیں تھا، تاہم انہیں پہلی بار پارٹی کا عہدہ سونپا گیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں