کراچی ،ْ لڑکی کے قتل کا معاملہ، سگی بہن نے اعتراف جرم کرلیا

ْملزمہ نے واقعہ کو ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر قتل ثابت کرنے کی کوشش کی تھی ،ْحکام

اتوار 10 دسمبر 2017 15:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2017ء) پولیس نے ملیر کے علاقے سعود آباد میں مبینہ طور پر دوران ڈکیتی قتل کی واردات کا معمہ حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بڑی بہن اپنی سگی چھوٹی بہن کے قتل میں ملوث ہے۔پریس کانفرنس کے دوران ایس ایس پی کورنگی نعمان صدیقی نے سعود آباد میں قتل کے واقعہ میں ہونے والی تحقیقات میں پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بڑی بہن نے اپنے دوستوں کی مدد سے چھوٹی بہن کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے جبکہ اس سے قبل ملزمہ نے واقعہ کو ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر قتل ثابت کرنے کی کوشش کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمہ علوینہ نے اعتراف کیا کہ اس کے دوستوں نے مقتولہ علینہ کو پکڑا اور ملزمہ نے چھری سے اپنی سگی بہن کا گلا کاٹ کر اسے قتل کیا۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ ملزمہ نے مقتولہ اور اس کے ایک دوست پر الزام لگایا کہ وہ اس کے ساتھ ہونے والی مبینہ جنسی زیادتی کے دوران بنائی گئی ویڈیو کے ذریعے سے بلیک میل کررہے تھے۔انہوںنے کہا کہ علوینہ نے پہلے بہن کے دوست کو قتل کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم وہ ایسا نہ کرسکی۔

پریس کانفرنس کے دوران واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ والد کی کم آمدنی کے باوجود بچوں کے پاس جدید موبائل فون موجود تھے، والدین بچوں کواسمارٹ فون دیتے ہیں لیکن خطرات نہیں بتاتے۔انہوںنے کہاکہ ہمیں سوچنا چاہیے کہ معاشرہ کہاں جارہا ہے جبکہ واقعے کے دیگر ملزمان کے حوالے سے سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ گرفتار ملزمان جیولری کی شاپ پر سیلز مین کا کام کرتے ہیں۔

بعد ازاں ملزمہ علوینہ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران سگی بہن کو قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے مقتولہ پر الزام لگایا کہ وہ اور اس کا دوست اس کو بلیک میل کررہے تھے۔خیال رہے کہ 3 روز قبل کراچی کے علاقے سعود آباد میں ایک مبینہ ڈکیتی کی واردات کے دوران 17 سالہ علینہ ہلاک اور اس کی بڑی بہن زخمی ہوگئی تھی۔پولیس کا اس واقعہ کے حوالے سے کہنا تھا کہ واردات کے حوالے سے بڑی بہن کے بیان میں تضاد ہے تاہم تفتیش کی جارہی ہیں اور جلد اصل ملزمان تک پہنچ جائیں گے

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں