گورنر سندھ محمد زبیر کا نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ

اتوار 10 دسمبر 2017 19:02

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے اتوار کی صبح نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسٹیڈیم کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل میچ کے ضمن میں اسٹیڈیم کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کے کاموں کا جائزہ لیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر این ایل سی حکام نے گورنر سندھ کو جاری تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کے کاموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

گورنر سندھ نے کام کی رفتار پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اس موقع پر سابق ٹیسٹ کرکٹرز اقبال قاسم اور صلاح الدین صلو سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ واضح رہے کہ گورنر سندھ نے پاکستان سپر لیگ کے لاہور میں ہونے والے گذشتہ فائنل میچ کے موقع پر پی ایس ایل کا اگلا فائنل کراچی میں منعقد کروانے کا وعدہ کیا گیا تھا جس کا با ضابطہ اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی کردیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے سے شہر میں ایک بار پھر انٹر نیشنل کرکٹ کی رونقیں بحال ہو جائیں گی، پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل کے کراچی میں انعقاد سے شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی کیونکہ شائقین کرکٹ طویل عرصہ بعد اپنے شہر میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھرپور ایکشن میں دیکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی شہر نے کرکٹ کے بڑے بڑے کھلاڑی قومی ٹیم کو فراہم کئے جنہوں نے اپنی صلاحیتوں سے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ،کراچی میں عالمی طرز کے کرکٹ ایونٹ کا فائنل مقابلہ خوش آئند ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سیریز میں لاہور میں میچ کھیلنے پر پوری قوم سری لنکن کھلاڑیوں کی شکر گذار ہے، سیریز ہارنے کے باوجود سری لنکن ٹیم نے پوری پاکستان قوم کے دل جیت لئے تھے، امید ہے کہ اگلے برس ہونے والے پی ایس ایل فائنل میچ میں دنیائے کرکٹ کے بڑے کھلاڑی بھی پاکستان میں اپنی شرکت یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کرکٹ سے جنون کی حد تک شوق رکھتی ہے،کراچی کے شائقین بھی کرکٹ کے جنونی ہیں جو ان کی پی ایس ایل کے فائنل میں بھرپور شرکت سے ثابت ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں