موجودہ حکومت نے ٹھوس معاشی ترقی کی بنیاد رکھ دی ہے، گورنر سندھ

امن و امان کے قیام کے بعد کراچی سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل شہر ہے، گورنر سندھ کا سی ای او ایشیا سمٹ کانفرنس سے خطاب

پیر 11 دسمبر 2017 18:40

موجودہ حکومت نے ٹھوس معاشی ترقی کی بنیاد رکھ دی ہے، گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت نے ساڑھے 4 سالہ دور میں معاشی شعبہ میں نمایاں ترقی ہوئی ہے اور معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے ٹھوس بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 16ویں سی ای او ایشیا سمٹ اور ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے مقامی ہوٹل میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے 100 بہترین سی ای اوز نامی کتاب کی رونمائی بھی کی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی و تجارتی حب اور خطہ کا اہم شہر ہے۔ یہ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور امن و امان کے قیام کے بعد یہاں سرمایہ کاری کے لئے حالات نہایت سازگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ممالک کے سی ای اوز کا یہ اجتماع شہر میں امن و امان کی بہتر صورتحال کا عکاس ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں جنہیں بین الاقوامی سطح پر مزید سراہا جانا چاہیئے کیونکہ اگر پاکستان اس جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا نہیں کرتا تو عالمی امن کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا تھا ۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے بعد پاکستان کے لئے ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کرے تاکہ تجارتی وفود کے تبادلوں کو بلا رکاوٹ یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پورے ملک کی یکساں ترقی کے وژن کے تحت کام کررہی ہے اور وزیر اعظم کے اعلان کردہ کراچی پیکج میں صنعتی علاقوں میں انفرا اسٹرکچر کی بحالی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ گورنر سندھ نے تقریب کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سی ای اوز میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر سی ای او کلب کے صدر اعجاز نثار نے گورنر سندھ کو کلب کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں