پی آئی اے اپنی پروازوں کے دائرہ کار میں کمی نہیں لارہی۔ترجمان

پیر 15 جنوری 2018 22:03

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2018ء) پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن (پی آئی ای) اپنی پروازوں کے دائرکار میں کمی نہیں لارہی۔ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی ای) ترجمان نے پیر کو جاری کردہ اپنے بیاں میں کہا ہے کہ بعض ذرائع ابلاغ کے ذریعے اس منفی تاثر کو پھیلایا جا رہا ہے کہ پی آئی اے ایک مخصوص منصوبہ بندی کے تحت اپنی پروازوںکے دائرہ کار میں کمی لارہی ہے جو قطعی طور پر غلط ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ایئر لائن انڈسڑی میں ضروریات اور وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے مقامات کے لئے پروازیں شروع کی جاتی ہیں جبکہ جن روٹس پر نقصان ہو رہا ہو ان کی کارکر دگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کو معطل کر دیا جاتا ہے۔ اسی طرح پی آئی اے بھی وقت کے ساتھ ساتھ نئے مقامات کے لئے پروازیں شروع کرتی رہتی ہے جبکہ غیر تسلی بخش کار کردگی کے حامل روٹس کے بارے میں حکمت عملی بھی بنائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

مالی سال 2018ء کا آپریٹنگ پلان بنا لیا گیا ہے جس میں نقصان کو ختم کرنے کو بنیادی اہمیت دی گئی ہے۔ پانچ سالہ بزنس پلان میں مکمل اور جامع حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے اور ہر سیکٹر کا باریک بینی سے جائزہ لے کر پروازوں کے دائرہ کار کو ترتیب دیا جا رہا ہے جس میں باکفایت طیاروں کی شمولیت سمیت نقصان میں جانے والے روٹس کی بجائے منافع بخش روٹس کو ترجیح دی گئی ہے۔

پی آئی اے اپنے موجودہ طیاروں کو بہتر روٹ پلاننگ کے ذریعے استعمال کرتے ہوئے نئے مقامات کے لئے بھی پروازیں شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ پچھلے سال اگست میں ایک بوئنگ777 طیارے کی فضائی بیڑے میں شمولیت کے بعد موجودہ سال میں بھی مزید طیارے شامل کئے جائیں گے۔ ویٹ لیز طیاروں کی بجائے ڈرائی لیز پر طیاروں کی شمولیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ اخرجات میں کمی کی جاسکے۔

پی آئی اے میں اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ اخراجات میں کمی کر کے ریونیو میں اضافہ کیا جائے جس کے آپریٹنگ منافع میں اضافے اور خسارے کو کم کرنے میںمثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ریونیو میں اضافہ اور اخراجات میں کمی ایک بہتر قدم ہے جس کی اس وقت پی آئی اے کو اشد ضرورت ہے۔ مالی سال 2017ء کی آخری سہ ماہی کے نتائج اس بات کو ظاہر کر رہے ہیں کہ پی آئی اے درست سمت میں جا رہی ہے، خسار ے میں بتدریج کمی آرہی ہے مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور پی آئی اے اپنے اعتماد میں اضافے کی جانب گامزن ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں