میاں صاحب،مجھے کیوں نکالا سے اب نکلیں اور معصوم زینب کے لواحقین کوانصاف دلائیں، وزیرقانون سندھ

پنجاب حکومت اور پنجاب پولیس جوابدار پکڑنے میں ناکام ہوچکی ہے۔بڑے بڑے دعوی کرنے والے شوباز شریف کی ناکامیاں عوام دیکھ لیں، ضیاء الحسن لنجار

منگل 16 جنوری 2018 15:06

میاں صاحب،مجھے کیوں نکالا سے اب نکلیں اور معصوم زینب کے لواحقین کوانصاف دلائیں، وزیرقانون سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2018ء) سندھ کے وزیر قانون و جیل خانہ جات ضیاء الحسن لنجار نے قصور سانحے کے جوابدار گرفتار نہ کرنے پر پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں صاحب،مجھے کیوں نکالا سے اب نکلیں اور معصوم زینب کے لواحقین کوانصاف دلائیں۔پنجاب حکومت اور پنجاب پولیس جوابدار پکڑنے میں ناکام ہوچکی ہے۔

بڑے بڑے دعوی کرنے والے شوباز شریف کی ناکامیاں عوام دیکھ لیں۔وہ منگل کو سندھ اسمبلی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

ضیاء الحسن لنجارنے کہاکہ ایسے سانحات سے بچنے کے لیے صوبوں میں سخت قوانین بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ قصور سانحے پر پنجاب حکومت متاثرین کے ساتھ کھیل کھیل رہی ہے، افسوسناک سانحے پر پنجاب حکومت کو مستعفی ہوجانا چاہیے۔

پنجاب کے حکمران دولت جمع کرنے میں مصروف ہیں وہاں کی عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ حکمراں خواب خرگوش سے نکلیں اور معصوم بچیوں اور بچوں کو تحفظ فراہم کریں ایسا نہ ہو کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوجائے اور وہ پنجاب سمیت وفاقی حکمرانوں کو بہا کر نہ لے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے دعوئوں کے برعکس عوام مشکلات کا شکار ہے شہری اور معصوم جانیں وہاں عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں