سپریم کورٹ کے حکم پر شرجیل میمن ہسپتال سے جیل منتقل، آجی جیل خانہ جات نے رپورٹ عدالت میں جمع کرادی

شرجیل میمن کو جیل منتقل کردیا ہے، عملدرآمد رپورٹ لایا ہوں، نصرت منگن کی میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 17 فروری 2018 21:23

سپریم کورٹ کے حکم پر شرجیل میمن ہسپتال سے جیل منتقل، آجی جیل خانہ جات نے رپورٹ عدالت میں جمع کرادی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں سندھ کے سابق وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کو جیل منتقل کردیا گیاہے۔ آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن نے رپورٹ عدالت میں جمع کرادی ہے۔عدالت نے اسپتالوں میں موجود تمام قیدیوں کو جیل بھیجنے کا حکم دیاتھا۔چیف جسٹس سپریم کورٹ نے شرجیل انعام میمن اور شاہ رخ جتوئی سمیت دیگر وی آئی پیز کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کا ازخود نوٹس لیا تھا۔

سپریم کورٹ کے حکم کے بعد آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن نے شرجیل میمن کو اسپتال سے جیل منتقل کردیا۔سپریم کورٹ پہنچنے پر آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شرجیل میمن کو جیل منتقل کردیا ہے۔ عملدرآمد رپورٹ لایا ہوں۔

(جاری ہے)

ازخود نوٹس کیس کی سماعت سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہوئی۔ دوران سماعت آئی جی جیل نے عدالت کو بتایا کہ احتساب عدالت کے حکم پر شرجیل میمن کو اسپتال منتقل کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شاہ رخ جتوئی کو دل کی تکلیف کی شکایت پر اسپتال منتقل کیا تھا۔ انہیں پہلے ہی جیل منتقل کردیا گیا ہے۔چیف جسٹس نے آئی جی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ دل کی بیماری تو بواسیر نکلی۔ عدالت نے شرجیل میمن کے علاج کی سفارش کرنے والے میڈیکل بورڈ کو بھی نوٹس جاری کردئیے۔ آئی جی جیل نے عدالت سے غیر مشروط معافی کی استدعا بھی کی۔عدالت نے شرجیل میمن کو فوری جیل منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے 2 ہفتوں میں تفصیلی رپوٹ بھی طلب کرلی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں