کپڑوں کے معروف برانڈ کے ٹرائی روم سے کیمرہ نہیں بلکہ جیتا جاگتا بندہ نکل آیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 23 فروری 2018 12:47

کپڑوں کے معروف برانڈ کے ٹرائی روم سے کیمرہ نہیں بلکہ جیتا جاگتا بندہ نکل آیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 فروری 2018ء): حال ہی میں فیصل آباد میں موجود لیوائس کے ٹرائی روم سے کیمرہ برآمد ہوا جس کے بعد عوام کی جانب سے شدید رد عمل دیکھنے میں آیا۔ تاہم اب کراچی میں موجود کپڑوں کے معروف برانڈ گُل احمد آئیڈیاز کے ٹرائی روم سے کوئی کیمرہ نہیں بلکہ ایک جیتا جاگتا بندہ ہی نکل آیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر کراچی کی رہائشی ایک خاتون نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ میں 20 فروری کو ایک مال میں موجود گُل احمد آئیڈیاز کی دکان پر گئی۔

میں جیسے ہی ایک شرٹ ٹرائی کرنے بیسمنٹ میں موجود ٹرائی روم میں گئی تو وہاں الماری کے اندر کوئی چھُپا ہوا تھا۔ میں نے شیشے میں سے الماری کو دیکھا تو میری حیرت کی کوئی انتہا ہی نہ رہی۔ جس کے بعد فوری طور پر میں نے اس فلور پر موجود اسٹاف کو طلب کیا جو اس بات کے گواہ ہیں۔

(جاری ہے)

اسٹاف نے الماری میں چھُپے اس شخص کو نکالا اور اوپر لے گئے۔ خاتون نے اپنی پوسٹ میں سب خواتین کو گُل احمد کی اس دکان پر جانے سے متعلق خبردار کر دیا اور گُل احمد کو مخاطب کرتے ہوئے فوری ایکشن کا مطالبہ بھی کیا۔



اس پوسٹ نے کئی خواتین کو اشتعال دلایا اور سب نے ایسے ٹرائی رومز اور اسٹاف کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کروایا۔ بعد ازاں گُل احمد آئیڈیا کے فیس بُک پیچ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ہم گُل احمد آئیڈیاز کی طرف سے مس شانزدے سے تہہ دل سے معذرت کرتے ہیں۔

ہمیں اس بات کا شدید افسوس ہے کہ آپ کو اس طرح کی تکلیف اُٹھانا پڑی۔اس واقعے سے ہمیں بھی شدید جھٹکا لگا ہے۔ ہم کسٹمرز کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مزید بہتر اقدامات کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ ہم اپنے صارفین بالخصوص خواتین کی سکیورٹی کو سنجیدگی سے دیکھتے ہیں۔ اور ہم اس افسوسناک واقعہ پر ایک مرتبہ پھر سے تہہ دل سے معذرت کرتے ہیں۔

یکے بعد دیگرے دو واقعات نے صارفین بالخصوص خواتین کو کافی حد تک محتاط کر دیا ہے ۔

خواتین کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات سے نہ صرف برانڈ کا نام خراب ہوتا ہے بلکہ ہم خواتین کو بھی افسوس ہوتا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں