میٹرک کے سالانہ امتحانات کیلئے کراچی کے امتحانی مراکز کو فائنل کرنے کا کام آخری مراحل میں داخل

نقل کی روک تھام کیلئے اس سال امتحانی مراکز کی تعداد 350تک محدود کر دی جائے گی،چیئرمین سعید الدین

اتوار 25 فروری 2018 19:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2018ء) میٹرک کے سالانہ امتحانات کیلئے کراچی کے امتحانی مراکز کو فائنل کرنے کا کام آخری مراحل میں داخل ہو گیا ، ثانوی تعلیمی بورڈ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سرکاری کالجز میں امتحانی مراکز بنانے کیلئے ریجنل ڈائریکٹر کالجز کراچی سے رابطہ کیا گیا ہے ،ذرائع کے مطابق نقل کی روک تھام کیلئے اس سال امتحانی مراکز کی تعداد 350تک محدود کر دی جائے گی ۔

تفصیلات کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت سالانہ امتحانات برائے سال2018ء کے امتحانی مراکز کے انتخاب کا کام آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ثانوی بورڈ نے نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کیلئے امتحانی مراکز کی تعداد392سے کم کر کے 350تک محدودرکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین سعید الدین کی ہدایت پر ناظم امتحانات خالد احسان نے اس سال کالجز میں امتحانی مراکز قائم کرنے کے لیے ریجنل ڈائریکٹر کالجز کراچی سے بھی رابطہ کیا ہے جس کے بعد اُمید کی جارہی ہے کہ اس سال کالجز میں بھی نویں و دوسویںکے امتحانی مراکز قائم کئے جائیں گے تاہم ڈائریکٹر کالجز کی جانب سے فی الوقت تسلی بخش جواب نہیں دیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ کالجوں کو امتحانی مراکز اُن علاقوں میں بنایا جائے گا جہاں گذشتہ سال اسکولوں میں نقل کا رجحان زیادہ دیکھنے میں آیا یا پھر گنجائش سے زائد امیدواروں کو امتحان دینے کے لئے بٹھایا گیا تھا اِن علاقوں میں بلدیہ ، اورنگی، کیماڑی، لانڈھی اور گڈاپ شامل ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ ناظم امتحانات نے ٹی سی ایف اسکولوں کی انتظامیہ سے بھی رابطہ کیا ہے جہاں کھلے اور بڑے کمرے دستیاب ہیں اس اسکولوں کو امتحانی مراکز میں تبدیل کئے جانے سے نقل کی حوصلہ شکنی ہو گی ۔

میٹرک بورڈ کے تحت ہونیوالے نویں و دسویںجماعت کے سالانہ امتحانات میں 3لاکھ 50ہزار سے زائد طلباء و طالبات شرکت کرتے ہیں۔ اس سال بھی میٹرک کے تقریباً 2لاکھ سے زائد اور نویں کے 1لاکھ 55ہزار سے زائد طلباء و طالبات امتحانات میں شرکت متوقع ہے ۔ اس حوالے سے چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی ڈاکٹر پروفیسر سعید الدین کا کہنا تھا کہ بورڈ نے سالانہ امتحانات کی تیاری تقریباً مکمل کرلی ہے اور بہت جلد امتحانی مراکز کو بھی فائنل کردیا جائے گا۔

امتحانی مراکز گذشتہ سال کی نسبت سے کم رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ وسیع اور کشادہ امتحانی مراکز بنائے جائیں اس حوالے سے ناظم امتحانات کو ہدایات دی گئیں ہیں کہ وہ ریجنل ڈائریکٹر کالجز سے رابطہ کریں اور اُنہوں نے رابطہ بھی کیا ہے ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ امتحانی مراکز کے لیے ٹی سی ایف اسکولوں کی انتظامیہ سے بھی رابطہ کیا گیا ہے ہمیں اُمید ہے کہ حوصلہ افزاء جواب آئے گا۔ چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ کا کہنا تھا کہ ہم طلباء و طالبات کو مقررہ وقت سے قبل ہی ایڈمٹ کارڈ کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں تاکہ طلباء طالبات کو کسی بھی قسم کی پریشانی نہ ہو

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں