کراچی کو فضائی آلودگی سے بچانے کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے، میئر کراچی وسیم اختر

اسے ہمیں مل کر سنوارنا ہے ،گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کیلئے ہمیں بڑی تعداد میں درختوںکی ضرورت ہے، ہر شخص ایک پودا لگائے تو شہر کو سرسبز و شاداب بنایا جاسکتا ہے

پیر 19 مارچ 2018 22:49

کراچی کو فضائی آلودگی سے بچانے کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے، میئر کراچی وسیم اختر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کو فضائی آلودگی سے بچانے کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے یہ ہمارا شہر ہے اور اسے ہمیں مل کر سنوارنا ہے ،گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کے لئے ہمیں بڑی تعداد میں درختوںکی ضرورت ہے، ہر شخص ایک پودا لگائے تو شہر کو سرسبز و شاداب بنایا جاسکتا ہے، شہر سے تجاوزات کا خاتمہ اورزیادہ سے زیادہ سرسبز قطعات بنانا پہلی ترجیح ہے یہ بات انہوں نے پیر کی صبح کراچی چڑیا گھر میں شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا لگانے اورنئی تعمیر شدہ آبشار کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما عارف علوی، نامور ڈرامہ نگار اور اداکار انور مقصود نے بھی شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے پودا لگایا جبکہ سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر ریکریشن منصور قاضی اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ پوری دنیا میں گلوبل وارمنگ ایک اہم مسئلہ بن کر سامنے آرہی ہے ، وقت آگیا ہے کہ ہم بھی اس مسئلے کی سنگینی کا احساس کریں اور ایسے اقدامات کئے جائیں جن سے ماحولیاتی بہتری کی طرف قدم بڑھایا جاسکے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگ ہمارا ساتھ دیں، ہم سب مل کر اپنے شہر سے ماحولیاتی آلودگی اور گندگی کا خاتمہ کرسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہماری سڑکیں ، کھیلوں کے میدان اور پارکس کچرے کا ڈھیر بن چکے ہیں، ندی نالوں پر قبضے کرلئے گئے ہیں، جگہ جگہ تجاوزات کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید ترین مسائل کا سامنا ہے، منتخب بلدیاتی نمائندے اس سلسلے میں ہرممکن کوششیں کررہے ہیں اور دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے ہماری پوری کوشش ہے کہ شہر کو بہتر بنائیں، کراچی چڑیا گھر شہریوں کے لئے بہترین تفریح گاہ ہے جہاں جانوروں کی تعداد میں اضافے سمیت تفریحی سہولیات بہتر بنائی جا رہی ہیں، چڑیا گھر میں 50 ہزار روپے کی لاگت سے نئی آبشار کی تعمیر بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے مزید ایسے اقدامات کئے جائیں گے جن سے کراچی چڑیا گھر کو شہریوں کے لئے مزید بہتر تفریح گاہ بنایا جاسکے، انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی اور بہتری کے لئے سیاسی جماعتوں کے تعاون کو خوش آمدید کہیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں بہتری اور ترقی کے کاموں کی بھرپور نگرانی کر رہا ہوں جہاں تک کچرے کا سوال ہے اس کی ذمہ داری کے لئے ایک ادارہ بنایا گیا ہے اور یہ اس کا فرض ہے کہ وہ اس کچرے کو اٹھائے، ٹنوں کے حساب سے کچرے کو اٹھانے کے لئے بڑی تعداد میں مشینری درکار ہے ، ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں ، انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان اور PSL فائنل کے سلسلے میں 21مارچ کی شام سے ہی شہر بھر میں سجاوٹ کا عمل شروع ہوجائے گا اور ہم اس بار PSL فائنل کو اب تک کا بہترین اور ناقابل فراموش ایونٹ بنائیں گے تاکہ دنیا کو یہ پتہ چلے کہ کراچی کھیلوں سے محبت کرنے والوں کا شہر ہے اور یہ شہر اپنے ہیروز کی قدر کرنا جانتا ہے، اس موقع پر ڈرامہ نگار انور مقصود نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شجر کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں