تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی کی نئی عمارت میں مبینہ بدعنوانی کے خلاف تحریک التوا سندھ اسمبلی میں جمع کرادی

اگر اس اہم نوعیت کی تحریک التوا کی بھی دیگر تحاریک کی طرح مخالفت کی گئی تو اس بات کو مزید تقویت ملے گی کہ دال میں ضرور کچھ کالا ہے، خرم شیرزمان

جمعہ 20 اپریل 2018 14:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی کی نئی عمارت میں مبینہ بدعنوانی کے خلاف تحریک التوا سندھ اسمبلی میں جمع کرادی، تحریک التوا پی ٹی آئی کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خرم شیرزمان نے جمع کرائی تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ سندھ اسمبلی کے نئے ہال کی تعمیر میں مبینہ کرپشن کی گئی۔

اس پر ایوان میں بحث کی جائے اس حوالے سے خرم شیرزمان نے کہا کہ مقدس ایوان میں کرپشن کی خبریں پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کی زینت بنتی رہی ہیں ہمیں اس بات پر سخت تشویش ہے لہذا میری تحریک التوا پر بحث کرکے اس معاملے کو کلیئر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر اس اہم نوعیت کی تحریک التوا کی بھی دیگر تحاریک کی طرح مخالفت کی گئی تو اس بات کو مزید تقویت ملے گی کہ دال میں ضرور کچھ کالا ہے۔

(جاری ہے)

خرم شیرزمان نے کہاکہ کرپشن نے سندھ کا بیڑا غرق کرکے رکھ دیا ہے ادارے تباہ ہیں اور حکمران سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق اسپیکر نثار کھوڑو کے دور میں سندھ اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر کا کام شروع ہوا تھا دونوں ادوار میں اسکی تعمیر سے متعلق تحقیقات ضروری ہیں کہا جارہا ہے کہ نئی عمارت پر چار ارب روپے کے لگ بھگ خرچ کئے گئے ہیں لہذا سندھ کے عوام کے لئے یہ جاننا ضروری ہے کہ ان کے خون پسینے کی کمائی سے حاصل ہونے والے ٹیکس کا پیسہ کیسے خرچ ہوا ہے۔

سندھ اسمبلی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیرزمان نے کہاکہ سندھ اسمبلی کا نام کرپشن کے زمرے اور نیب کی تحقیقات میں آنا ہم سب کے لئے باعث فکر و تشویش ہے جسکی انکوائری انتہائی ضروری ہے پانچ برسوں سے میں سندھ میں کرپشن کی بانسری بجا رہا ہوں دیکھا جائے کونسے اسپیکر کے دور میں کرپشن ہوئی اور اسپیکر کو اس حوالے سے پورے ایوان کو اعتماد میں لینا چاہئیے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں