بلاول بھٹو کی ذاتی مفادات کی خاطر قومی پرچم بردار ادارے کو فروخت کرنے کی سازشوں میں مصروف لوگوں کو شکست دینے پر مبارکباد

جمعہ 20 اپریل 2018 23:56

بلاول بھٹو کی ذاتی مفادات کی خاطر قومی پرچم بردار ادارے کو فروخت کرنے کی سازشوں میں مصروف لوگوں کو شکست دینے پر مبارکباد
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی ایئر لائینز کے ورکرز کو مبارکباد دی ہے کہ انہوں نے یکجا ہوکر ان کو شکست سے ہمکنار کیا، جو اپنے ذاتی مفادات کی خاطر قومی پرچم بردار ادارے کو فروخت کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی اے کی پیپلز یونٹی اور اس کی اتحادی یونینز کے مشترکہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

وفد میں ھدایت اللہ خان، اشرف خان، ناصر جنجوعا، علی لاشاری، رفیق امازئی، اشرف بلو، عبیداللہ، اسرار مشوانی، محمد احمد اور دیگر شامل تھے۔ پی پی پی رہنما رضا ربانی اور پی پی پی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی بھی موقعے پر موجود تھے۔ پیپلز یونٹی کے وفد کے ارکان ریفرنڈم میں کامیابی کی خوشی منانے کے لیئے اپنے ساتھ مٹھائی بھی لائے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پی پی پی چیئرمین کا ان حالات میں سرپرستی اور بھرپور حمایت کرنے پر تہی دل سے شکریہ ادا کیا، جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت اور اس کے کرگس اپنی ذاتی مفادات کی خاطر ادارے پر جھپٹنے کے لیئے منڈلا رہے تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے وفد کو یقین دلایا کہ پی پی پی قومی ایئر لائینز کی پرائیویٹائیزیشن کی شدید مخالفت کرتی رہے گی۔ انہوں نے نومنتخب سی بی اے پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو ان ورکرز پر اعتماد ہے، جنہوں نے قومی پرچم بردار کے لیئے اپنا خون پسینہ دیا ہے اور پی آئی اے کے وسیع مفاد میں مسلم لیگ (ن) کے علاوہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو متحد کیا ہے۔ انہوں نے ریفرنڈم میں کامیابی کو پی آئی اے کے ورکرز کی کامیابی قرار دیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں