وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی کاوشیں بالاآخر رنگ لائیں، سندھ کا مقدمہ لڑنے میں سرخرو ہوئے

پیر 23 اپریل 2018 19:36

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی کاوشیں بالاآخر رنگ لائیں، سندھ کا مقدمہ لڑنے میں سرخرو ہوئے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اپریل2018ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی وفاق کو مسلسل تین خطوط لکھنے کی کاوشیں بالاآخر رنگ لائیں اور کراچی میں بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ پر سندھ کا مقدمہ لڑنے میں سرخرو ہوئے۔ پیر کوگورنر ہاؤس میں منعقد کابینہ کمیٹی برائے توانائی میں وزیراعلیٰ سندھ کی درخواست پر وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے ہدایت دیتے ہوئے انھیں کہا کہ سوئی گیس کمپنی کو پابند کریں کہ وہ کے الیکٹرک کو مطلوبہ گیس مہیا کرے اور دونوں اداروں کے بیچ جو بھی معاہدے ہونے ہیں وہ 15 روز کے اندر دستخط ہونے چاہئیں۔

جس پر وزیراعلیٰ سندھ وزیراعظم کو اطمینان میں لیتے ہوئے کہا کہ وہ سوئی گیس کمپنی اور کے الیکٹرک کے درمیان ہونے والے معاہدوں پر ضرور نظر رکھیں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو تین خطوط لکھنے کے بعد انھوں نے کراچی آنے کا فیصلہ کیا اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی اجلاس میں سوئی گیس اور کے الیکٹرک کے درمیان تنازعہ کو حل کروایا۔ اور یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ سندھ کے وزیراعلیٰ کو وفاقی کابینہ کمیٹی برائے توانائی میں مدعو کیا گیا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل ہونے پر کراچی کی عوام کو مبارک باد بھی پیش کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں