سندھ اسمبلی : جلد کراچی کے شہریوں کے لئے مزید بسیں بھی آجائیں گی، وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ

منگل 24 اپریل 2018 23:22

سندھ اسمبلی : جلد کراچی کے شہریوں کے لئے مزید بسیں بھی آجائیں گی، وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں دس نئی بسیں چلادی گئی ہیں،یہ بسیں بارش کا پہلاقطرہ ہے ، جلد کراچی کے شہریوں کے لئے مزید بسیں بھی آجائیں گی۔انہوں نے یہ بات منگل کو سندھ اسمبلی میں پرائیوٹ ممبرز ڈے کے موقع پر محکمہ ٹرانسپورٹ سے متعلق ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہی ،ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی صابر قائم خانی نے کہا کہ میگا شہروں میں ماس ٹرانزٹ سسٹم ہوتا ہے لیکن کراچی میں صرف دس بسوں کو چلایاگیاہے ۔

جس پر اسپیکر نے ازراہ مذاق کہا کہ جب ان بسوں کے جب بچے ہونگے تو بڑھیںگی۔وزیر ٹرا نسپورٹ نے کہا کہ اب تو اسپیکر صاحب نے دعا دیدی ہے جلد مزید بسیں آئیں گی۔

(جاری ہے)

اسپیکر نے کہا کہ منی بس گرین بس اور دیگر بسیں آئیں گی ۔وزیر ٹرانسپورٹ نے ایوان کو بتایا کہ گرین لائن میٹروبس کے انفراسٹریکچر کا کافی کام باقی ہے ،گرین لائن میٹروبس کے کوریڈور پر اسوقت موٹرسائیکل بھی نہیں چل سکتی ۔

کراچی میں پبلک ترانسپورٹ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چار سال۔تک کراچی کے مختلف روٹس پر میٹروبس چلناشروع ہونگی ۔مسلم لیگ فنکشنل کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی نے کہا کہ: بسوں پر پیپلز بس سروس لکھا گیا ہے کیا یہ معاہدے میں تھا کہ بسوں پر پیپلز بس سروس لکھیں جس پر ناصر شاہ نے کہا کہ پیپلز بس سروس کا مطلب عوامی بس سروس ہے ناصر شاہ نے کہا کہ ٹرانسپورٹ سروس میں اتنا فائدہ نہیں ہوتا لیکن ہماری کوشش ہے شہر میں ٹرانسپورٹ شروع ہو انٹرا سٹی میں چھ سو بسیں کراچی کے لئے ہیں جو انشاء اللہ جلد شروع ہوجائیں گی ۔

پی ٹی آئی کی ڈاکٹر سیما ضیا نے دریافت کیا کہ اس وقت کراچی میں کتنے روٹس ہیں وہاں کونسی ٹرانسپورٹ چل رہی ہے وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ شہر بھر میں 110 روٹس ہیں ہم نے 30 روٹس کو ترجیح دی ہے ناصر شاہ نے کہا کہ جلدپنک بسیں شروع کرینگے جو صرف خواتین کے لئے ہونگی جس پر ڈاکٹر سیما جیا نے کہا کہ جب چلیں گی تب میں بھی اٴْس میں سفر کروں گی ۔ناصر حسین شاہ نے ایوان کو بتایا کہ کراچی میں کوئی ٹرانسپورٹرز نئی بسیں چلانے کے لئے تیار نہیں ہے ،ہماری کوشش ہے کہ نئی بسیں شہر میں چلائی جائیںان کی انشورنس کا ذمہ بھی ہم نے خود لیا ہے مگر پھر بھی کوئی ٹرانسپورٹر نہیں آ رہا ہے ،ہم تو ٹرانسپورٹرز کو تلاش کر رہے ہیں جو آئیں اور بسیں چلائیں ہم سہولیات فراہم کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ نئی بس ہو اور جس روٹس پر آنا چاہے ہم اجازت دینگے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں