این جی اوز سماجی شعبہ میںقابل تحسین کردار ادا کررہی ہیں، گورنرسندھ

ہینڈز کے صحت ، تعلیم ، ذریعہ معاش ، انفرااسٹرکچر ، پانی اور حفظان صحت کے شعبوں میں مثالی کام ہیں،محمد ز بیر

جمعرات 17 مئی 2018 17:57

این جی اوز سماجی شعبہ میںقابل تحسین کردار ادا کررہی ہیں، گورنرسندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ یہ با ت پوری قوم کے قابل فخر ہے کہ کئی عالمی امدادی ادارے سماجی شعبہ میںکام کرنے والی این جی اوز کی بھرپور مالی مدد کررہے ہیں جو کہ ان این جی اوز کی بہت بڑی کامیابی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں معروف این او ہینڈ زکی بریفنگ کے دوران کیا ۔

اس موقع پر ہینڈز کے پیٹر ن انچیف ڈاکٹر عبد الغفار بلو بھی موجود تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یو ایس ایڈ ، یو کے ایڈ اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کامالی تعاون ہینڈز کے صحت ، تعلیم ، روزگار کی فراہمی ، انفرااسٹرکچر ، پانی اور حفظان صحت کے شعبوں میںاہم اقدامات پر اعتماد کا مظہر ہے ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ سماجی و فلاحی ادارے حکومت کا بازو بن کر پورے ملک میں لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں قابل قدر خدمات انجام دے رہے ہیں اوران کے اقدامات کے لوگوں کی زندگی پر دیرپا اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔

(جاری ہے)

تھر میںکام کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے سماجی شعبہ کی بہتری کے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ ان منصوبوں کے باعث تھر ی عوام کو بہتر صحت ، تعلیم اور انفرااسٹرکچر کے ساتھ ساتھ حفظان صحت کی سہولیات حاصل ہورہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سماجی شعبہ میں صحت اور تعلیم انتہائی اہم سیکٹرز ہیں جن کاعوام کی فلاح وبہبود سے براہ راست تعلق ہوتا ہے ، ہینڈزکی37 برس طویل خدمات قابل تحسین ہیں اور اب اس کے ذریعہ ملک کے 48 اضلاع میں لوگوں کو تعلیم اور صحت کی معیاری سہولیات حاصل ہورہی ہیں ۔

ہینڈ زکے قدرتی آفات کے نمٹنے کی صلاحیت کی تعریف کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ قدرتی آفات یا موسمی تغیرات کے باعث ہونے والے نقصانات کو کم کرنے اور بحالی کے کاموں میں ہینڈ زکی مدد اہم ثابت ہورہی ہے۔ہینڈ زکے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر تنویر نے آرگنائزیشن کے منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ ہینڈ زکا قیام 1979 میں عمل میں لایا گیا ، پورے پاکستان کے 48 اضلاع کے 17 ہزار دیہاتوں / گائوں میں ان کی نمائندگی ہے ، روزگار کے مواقعوں میں اضافہ کے منصوبہ کے تحت لوگوں کو قرضہ فراہم کیا جاتا ہے تاکہ لوگ گھریلو صنعتوں کے ذریعہ اپنا روزگار حاصل کرسکیں ، 13 اضلاع میں قدرتی آفات سے بچائو کے سینٹر قائم ہیں ،ہینڈز کو یو کے ایڈ سب سے زیادہ مالی تعاون فراہم کررہا ہے ،مختلف فلاحی منصوبوں کے لئے گذشتہ 6 برس کے دوران 26.36 ملین پونڈز دیئے گئے ہیں ۔

پروفیسر عبد الغفار بلو نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی پر گورنرسندھ کا شکریہ اد ا کرتے ہوئے کہا کہ مالی امداد کے بڑھنے سے ہینڈ زکے کام میں مزید تیزی یقینی ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں