میئر کراچی نے شدید گرمی اور درجہ حرارت44ڈگری سینٹی گریڈ ہونے پر بلدیہ کے اسپتالوں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردیئے

شہری ادارے خصوصاً کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ سے گریز کرے اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں،وسیم اختر کی ہدایت

اتوار 20 مئی 2018 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی میں شدید گرمی اور درجہ حرارت44ڈگری سینٹی گریڈ ہونے پر بلدیہ کے اسپتالوں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردیئے ، شہری ادارے خصوصاً کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ سے گریز کرے اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں، شدید گرمی اور رمضان المبارک کے پیش نظر شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں،ایک طویل عرصے کے بعد کراچی کا درجہ حرارت44ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے جس کے باعث ہیٹ ویوز کے امکانات موجود ہیں،ہیٹ ویوز سے متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لئے اسپتالوں میں انتظامات یقینی بنائے جائیں، یہ بات انہوں نے اتوار کے روز ہیٹ ویوز سے بچائو کے لئے حفاظتی اقدامات اور اسپتالوں میں دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، انہوں نے بلدیاتی اسپتالوں میں فون کرکے تازہ ترین صورتحال بھی معلوم کی، میئرکراچی نے کہا کہ شدید گرمی کے حوالے سے یہ ہفتہ انتہائی اہم ہے اس لئے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف ہمہ وقت اسپتال میں حاضری کو یقینی بنائیں،کے ایم سی کے اسپتالوں میں اس حوالے سے کوئی کوتاہی نہ برتی جائے، شہری بلاضرورت گھروں سے نکلنے اور دھوپ میں کام کرنے سے ان دنوں میں احتیاط برتیں،اگر ضرورت نہ ہو تو سفر کرنے سے بھی محتاط رہیں ،کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں یا طبیعت خراب ہونے پر فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجو ع کریں،شہری نمازوں کے بعد گرمی کے خاتمے اور تمام شہریوں کی صحت و سلامتی کے لئے دعا کریں،انہوں نے کہا کہ ہیٹ ویوز کی وجوہات ، احتیاطی تدابیر اور فوری طبی امداد کے حوالے سے عوام الناس کو باخبر رکھنے کے لئے آگاہی مہم کی ضرورت ہے تاکہ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیٹ ویوز یا لو لگنے کے اثرات سے محفوظ رہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ شہریوں کو خود بھی اس حوالے سے زیادہ احتیاط کرنی چاہئے اور دن کے گرم ترین اوقات میں بلاضرورت گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں، سادہ اور ہلکی غذا کا استعمال کریں اور شدیددھوپ اور گرمی میں سر کو ڈھانپ کر رکھیں ، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے اسپتالوں میں حفاظتی مراکز قائم کرنے کے ساتھ ساتھ ہم نے شہر کے تمام دیگر سرکاری اور نجی اسپتالوں سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ شدید گرمی یا لو سے متاثرہ مریضوں کو ترجیحی بنیادپر فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائیں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں موسم گرما کے دوران شدید گرمی سے بچائو کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے اور شہریوں کو اس کے بچائو اور محفوظ رہنے کے لئے آگاہی مہم کو زیادہ موثر انداز سے چلانے کی ضرورت ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں