جماعت اسلامی کا لیاری میں پانی کی بندش کے خلاف ماڑی پور روڈ پر احتجاج

سندھ حکومت لیاری کا پانی بیچ رہی ہے ،پیپلز پارٹی نے لیار کے عوام کو ہمیشہ جھوٹی تسلیاں دیں، امیرجماعت اسلامی ضلع جنوبی مظاہرین نے ماڑی پور روڈ پر دھرنا دے کر بلاک کر دیا، روڈ پر روزہ افطار کیا، پانی فراہم نہ کیا تو سحری بھی روڈ پر کی جائے گی، سید عبد الرشید

اتوار 20 مئی 2018 22:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے زیر اہتمام لیاری میں پانی کی بندش کے خلاف ماڑی پور روڈ پر دھرنا ، اہل لیاری نے ماڑی پور روڈ پاحتجاجا افطار کیا، مردو خواتین ، نوجوانوں اور بچوں کی بڑی تعداد مٹکے اٹھائے ماڑی پور روڈ پر جمع ہوگئی اور دھرنا دے دیا ، مظاہرین کے لیاری کو پانی دو لیاری کو بجلی دوکے نعرے لگاتے ہوئے سڑک پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے ، احتجاج کی قیادت جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر سید عبد الرشید کر رہے ہیں، اس موقع پر جماعت اسلامی کے نائب امیر سید طاہر اکبر اور امیر زون لیاری سید ابو ارحم سمیت دیگر بھی موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر سید عبد الرشید نے انتظامیہ کو الٹی میٹم دیا ہے کہ اگر لیاری کو فوری طور پر پانی کی فراہمی شروع نہ کی گئی تو وہ احتجاج سحری بھی ماڑی پور روڈ پر کریں گے ، ماڑی پور روڈ کو احتجاج دھرنا دے کر بند رکھا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ شدید گرمی میں پانی سے محروم ہیں روزہ احتجاج ماڑی پور روڈ پر کھول رہے ہیں ،پانی کامسئلہ حل نہ ہوا تو احتجاج جاری رہیگا ،سید عبدالرشید نے کہا کہ لیاری کو نیویارک بنانے والے آج لیاری آنے سے ڈرتے ہیں ، لیاری سے ووٹ لے کر اقتدار میں آنے والی پیپلز پارٹی نے لیاری کو کربلا بنا دیا ہے ،سندھ حکومت لیاری کا پانی بیچ رہی ہے ، لیاری کے بیشتر علاقوں میں 6ماہ سے پانی نہیں مل رہا ، گزشتہ 10سال سے صوبے پر حکومت کرنے والی پیپلز پارٹی لیاری کے عوام کو محض جھوٹی تسلیاں اور جھوٹے وعدوں کے سوا کچھ نہیں دے رہی ، پورے شہر میں سڑکوں کو جال بچھایا جا رہا ہے لیکن اہل لیاری پانی جیسی بنیادی سہولت سے بھی محروم ہیں ، لیاری کے عوام کو پانی میسر ہے نہ بجلی، گندگی کے ڈھیر اور ٹوٹی سڑکیں اہل لیاری کا مقدر بنا دی گئی ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ اب لیاری کے عوام کو دھوکا نہیں دیا جا سکتا ، لیاری کے عوام بیدار ہیں اور وہ اپنا حق لینا جانتے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں