شہر قائد میں ہیٹ اسٹروک نے 65 افراد کی جان لے لی

شہر میں تین روز کے دوران 114 لاشیں ایدھی سردخانے پہنچائیں گئیں جن سے 65 افراد ہیٹ اسٹروک سے جاں بحق ہوئے، فیصل ایدھی زیادہ تر اموات گھروں میں ہوئیں۔ گھروں میں مرنے والے افراد کو بروقت اسپتا ل نہیں پہنچایا جاسکا جس کی وجہ سے ان کی اموات ہوئیں

پیر 21 مئی 2018 23:15

شہر قائد میں ہیٹ اسٹروک نے 65 افراد کی جان لے لی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے 65 افراد جاں بحق ہوگئے۔ شہر میں تین روز کے دوران 114 لاشیں ایدھی سردخانے پہنچائیں گئیں جن سے 65 افراد ہیٹ اسٹروک سے جاں بحق ہوئے۔ زیادہ تر اموات گھروں میں ہوئیں۔ گھروں میں مرنے والے افراد کو بروقت اسپتا ل نہیں پہنچایا جاسکا جس کی وجہ سے ان کی اموات ہوئیں۔ ایدھی فانڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی نے بتایا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں 65 افراد ہیٹ اسٹروک کے باعث جاں بحق ہیں۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے کہا کہ کورنگی اور سہراب گوٹھ ایدھی سردخانے میں 3 روز ہفتہ، اتوار اور پیر کے دوران 114 لاشیں لائی گئیں جن میں سے 65 افراد ہیٹ اسٹروک کے باعث جاں بحق ہوئے۔انہوں نے کہا کہ زیادہ تر ہیٹ اسٹروک کا شکار ہونے والوں کا تعلق لانڈھی اور کورنگی سے ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہیٹ اسٹروک کے باعث زیادہ تر اموات گھروں میں ہوئیں۔

گھروں میں مرنے والے افراد کو بروقت اسپتا ل نہیں پہنچایا جاسکا جس کے باعث ان کی موت ہوئی جبکہ ہیٹ اسٹروک سے مرنے والوں کی عمریں 6 سے 78 سال کے درمیان ہیں۔فیصل ایدھی نے کہا کہ کورنگی ایدھی مردہ خانے میں روزانہ 10 سے 11 میتیں لائی جاتی ہیں۔ ہفتہ کی شام سے اب تک مردہ خانے میں 34 جبکہ سہراب گوٹھ مردہ خانے میں 30 میتیں وصول کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ زیادہ افراد کی اموات روز مرہ کے کام کے دوران ہوئیں۔واضح رہے کہ کراچی ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جہاں پارہ 44 ڈگری کو چھو رہا ہے، جبکہ گرمی کی یہ لہر 23 مئی تک جاری رہنے کی پیش گوئی ہے۔گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے کراچی کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہر کا موسم چند روز کے دوران گرم سے گرم ترین ہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں