بلدیہ کورنگی کا تمام فیملی پارکوں اور کھیل کے میدانوں کو سہولتوں سے آراستہ اور سرسبز بنا نے کا اعلان

ضلع کورنگی میں فیملی پارکس اور کھیل کے میدانوں کو آباد اور سرسبز بنا نے کے لئے اقدامات کررہے ہیں ،سید نیئر رضا

منگل 19 جون 2018 18:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے ضلعی حدود میں تمام فیملی پارکس اور کھیل کے میدانوں کو سہولتوں سے آراستہ اور سرسبز بنا نے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ فیملی پارکس اور کھیل کے میدانوں کو ضلع کورنگی کے بہترین تفریحی سرگرمیوں کا مرکز بنا یا جائیگا ،بلدیہ کورنگی اپنے پارکس اور کھیل کے میدانوں کو آباد اور اسے سرسبز بنا نے کے لئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے ملیر ماڈل زون میں زیر تعمیر فیملی پارکس نہ صرف علاقائی خوبصورتی میں اضافے کا باعث بلکہ عوام کے لئے بہترین تفریحی سہولت کی فراہمی کو یقینی بنا ئے گا ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے یونین کمیٹیز کے چیئر مین اور بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ ملیر ماڈل زون میں زیر تعمیر فیملی پارک پر جاری تعمیراتی کاموں کامعائنہ کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

چیئر مین سیدنیئر رضا نے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے محکمہ پارکس کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچا کر عوام کو صحت مند تفریحی سہولت کی فراہمی یقینی بنائیں اس موقع پر علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہاکہ بلدیہ کورنگی نامساعد حالات اور مالی بحران کے باوجود ضلع کورنگی کی تعمیر و ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ تفریحی سہولت بھی فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ سرسبز ماحول کے فروغ کے لئے بلدیہ کورنگی سے تعاون کریں اور زیادہ سے زیادہ سبزہ لگا کر قدرتی ماحول کو آلودگی سے محفوظ اور صحت مند ماحول کے قیام میں بلدیہ کورنگی کے اقدامات میں تعاون کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں