سپریم کورٹ نے شہر میں بنائی گئی اشتہاری دیواروں کیخلاف دائر درخواستیں نمٹادیں

اکثر دیواروں کو گرا دیا گیا ہے ، فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں قائم دیوار بھی گرادی گئی ہے ،ْکنٹونمنٹ بورڈ کا جواب

جمعرات 21 جون 2018 15:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) سپریم کورٹ نے شہر میں بنائی گئی اشتہاری دیواروں کے خلاف دائر درخواستیں نمٹادیں۔جمعرات کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں قائم لاجر بینچ نے شہر میں لگی اشتہاری دیواروں کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کی عدالت میں معاملے پر کنٹونمنٹ بورڈ کے نمائندے اور آوٹ ڈور اشتہارات ایسوسی ایشن کے نمائندے پیش ہوئے ۔

عدالت نے اس موقع پر استفسار کیا کہ شہر میں بنائی گئی اشتہاری دیواروں کا کیا بنا عدالتی استفسارپرکنٹونمنٹ بورڈ کے نمائندوں نے بتایا کہ اکثر دیواروں کو گرا دیا گیا ہے اور فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں قائم دیوار بھی گرادی گئی ہے ۔عدالت کو آؤٹ ڈور ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایشن کے نمائندے نے بتایا کہ ہمارے 15 ارب روپے لگے ہیں لہذا اسکا کوئی میکینزم بنایا جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف جسٹس نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریماکس دیئے کہ ہم اجازت نہیں دے سکتے آپ لوگوں نے شہر کا بیڑا غرق کرکے رکھا ہوا ہے ۔آپ لوگ خود اپنے نقصان کے ذمہ دار ہیں جاکر کسی دوسرے کاروبار کے بارے میں سوچیں۔ شہر میں ان دیواروں سے بھی اشتہات اتارے جائیں جو دفاعی اعتبار سے تعمیر کی گئی تھیں۔بعد ازاں عدالت نے شہر میں قائم اشتہاری دیواروں کے خلاف دائر تمام درخواستوں کو نمٹاتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں