ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کی فٹ بال ٹیم ورلڈ کپ میںشرکت کرے، وسیم اختر

حکومت سندھ نے کھیلوں پر توجہ نہیں دی،بلدیہ عظمیٰ کشمیر روڈ پر اسپورٹس کمپلیکس سے تجاوزات ختم کرکے اسے کھیلوں کا مرکز بنائے گی،میئر کراچی کا تقریب سے خطاب

اتوار 24 جون 2018 21:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کی فٹ بال ٹیم ورلڈ کپ میںشرکت کرے، ملک میں کھیلوں کا معیار بہتر بنانے اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف لانے کیلئے کھیلوں کو فروغ دینا ہوگا، حکومت سندھ نے کھیلوں پر توجہ نہیں دی بلدیہ عظمیٰ کراچی کشمیر روڈ پر اسپورٹس کمپلیکس سے تجاوزات ختم کرکے اسے کھیلوں کا مرکز بنائے گی، کراچی میں فٹ بال کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے، یہ بات انہوں نے اتوار کی شام آل کراچی میئر کپ فٹ بال چیمپئن شپ کا بحیثیت مہمان خصوصی افتتاح کرنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر بلدیہ وسطی کے وائس چیئرمین سید شاکر علی اور دیگر منتخب نمائندوں کے علاوہ کے ایم سی کے افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کھیل معاشرے کو اور انسانی زندگی کو صحتمند بناتے ہیں، کسی بھی کھیل میں عالمی سطح پر نام پیدا کرنے کیلئے اس کھیل کی سہولیات کو بہتر بنانا ضروری ہے کراچی شہر جسے کھیلوں کی نرسری کہا جاتا ہے اس اعتبار سے خوش قسمت ہے کہ یہاں کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، اسکواش، بیڈ منٹن، ٹینس، بیچ والی بال اور دیگر کھیلوں کے سپر اسٹارز نے جنم لیا ہے اور ان کھلاڑیوں نے ملکی اور عالمی سطح پر کارنامے انجام دیئے ہیں جس پر پورا کراچی فخر کرتا ہے انہوں نے کہا کہ کھیل کے میدانوں کو بہتر بنائے بغیر سپر اسٹارز پیدا نہیں کئے جاسکتے، بدقسمتی سے کراچی میں کھیل کے میدانوں پر قبضہ مافیا نے تجاوزات قائم کرلی تھیں جس کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہورہی تھیں اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر نہیں تھے، موجودہ بلدیاتی قیادت نے تجاوزات کے قیام کی حوصلہ شکنی کی اور کھیل کے میدانوں اور پارکس کو تجاوزات سے آزاد کرایا اور ان جگہوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں اور دیگر تفریحی مقاصد کے لئے کھول دیا، انہو ںنے کہا کہ تجاوزات قائم کرنے میں کے ایم سی اور پولیس کا محکمہ شامل ہوتا ہے لہٰذا اس کی مکمل مانیٹرنگ ضروری ہے شہر کے وسیع تر مفاد میں سپریم کورٹ کی ہدایات پر اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ سے شادی ہالز اور دیگر تجاوزات کو ختم کردیاہے جبکہ ایمپریس مارکیٹ اور دیگر علاقوں میں بھی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور تجاوزات کے خلاف یہ مہم جاری رہے گی، انہو ںنے کہا کہ ہمارا مقصد شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہے جس کے لئے مسلسل کام جاری رکھیں گے، کراچی میں زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے مواقع فراہم کئے جائیں گے تاکہ مختلف کھیلوں میں اپنے جوہر دکھا کر مقامی کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرتے رہیں۔

#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں