مسلم لیگ ن نے کراچی سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا

دھرنوں سےقوم کا وقت ضائع ہوا، موقع ملا توکراچی کومسائل سے نجات دلائیں گے،ہم نے بھارت سے معاشی محاذ پرجنگ ہرصورت جیتنی ہے،حکومت ملی تو اگلے5 سال میں بھاشا ڈیم ہرصورت مکمل کریں گے۔صدرمسلم لیگ ن شہبازشریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 25 جون 2018 20:14

مسلم لیگ ن نے کراچی سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 جون 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کراچی کے مسائل کا حل تجویز کرتے ہوئے کہا ہے کہ انشاء اللہ انتخابات میں کامیابی کے بعد کراچی میں پانی، انفراسٹرکچر، صفائی  اور پبلک ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کریں گے۔ پانی اور توانائی کے شعبے میں ترقی کے لیے بھاشا ڈیم ناگزیر ہے۔

اللہ نے موقع دیا تو اگلے 5 سال میں بھاشا ڈیم کا 80 فیصد کام مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا لیکن ہم نے بھارت سے معاشی محاذ پر جنگ جیتنی ہے۔ ہم نے بھارت کو ٹیکسٹائل، سٹیل اور آئی ٹی کے شعبوں میں شکست دینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء کے دھرنوں سے قوم کا وقت ضائع ہوا اوراس سے چینی صدر کا دورہ ملتوی ہونے سے سی پیک میں ایک سال کی تاخیر ہوئی۔

(جاری ہے)

6 ماہ تک ملک کو بند رکھا گیا۔ بے شمار منصوبوں میں تاخیر میں سب سے بڑی رکاوٹ اسلام آباد میں ہونے والے دھرنے تھے۔ غیر مستحکم صورتحال میں ترقی کرنا ناممکن ہے۔ عقل کا اندھا بھی جواب دے گا کہ دھرنوں نے ملک کو نقصان پہنچایا۔ 6 ماہ دھرنے ہوں گے تو کونسا ملک سرمایہ کاری کرنے آئے گا۔ حکومت میں آ کر کراچی کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار صدر مسلم لیگ ن میاں شہباز شریف نے کراچی میں فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئیے کیا۔ شہباز شریف 2 روزہ دورے پر کراچی پہنچے جہاں سے انہوں نے اپنی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔مسلم لیگ ن بزنس فورم کے صدر مرزا اشتیاق بیگ کی کاوشوں سے فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ابتر صورتحال میں ترقی کرنا معجزہ ہے۔

جھوٹ، الزام تراشی اور انتشار کی بجائے کارکردگی پر سیاست ہونی چاہیے۔ماضی کی کارکردگی کے علاوہ ووٹ دینے کا کوئی پیمانہ نہیں ہو سکتا۔ شہباز شریف نے کہا کہ 2013 ء میں جب حکومت میں آئے تو امن و امان سمیت توانائی بحران سمیت بے شمار مسائل درپیش تھے۔ توانائی  بحران کی وجہ سے برآمدات کو نقصان پہنچ رہا تھا۔ لیکن ہماری حکومت نے دن رات کام کیا اور آج ملک بھر میں  100 فیصد نہیں تو 90 لوڈ شیڈنگ ختم ہو چکی ہے۔

مسلم لیگ ن کی حکومت نے سی پیک سمیت سینکڑوں منصوبے لگائے۔ پنجاب میں لگنے والے بجلی کے منصوبوں سے سارے ملک کو فائدہ ہو رہا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ روشنیوں نے کے شہر کو ناجانے کس کی نظر لگ گئی ہے۔ کراچی سب سے زیادہ ریونیو دینے والا شہر ہے۔ لیکن ماضی کی حکومتوں نے کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا۔ شہر میں دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری ہوتی تھی۔

حکومت ملی تو کراچی کے تمام مسائل حل کرکے اس شہر کو ایشیا کا ہی نہیں پوری دنیا کا مثالی شہر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کو ہر سال کراچی کو خصوصی پیکج دینا چاہیے۔ شہباز شریف نے کہا کہ آج تک کراچی کو اس کا درست معاشی نہیں دیا گیا۔ سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے کراچی پوری صلاحیت سے ترقی نہیں کرسکتا۔ مسائل کے حل کے لیے وَن ونڈو آپریشن متعارف کرائیں گے۔

شہباز شریف کہا کہ کشکول تب ٹوٹتا ہے جب قوم مشکل فیصلے کرے۔ قومی خزانے پر بوجھ کی بجائے ہمیں بچت کی پالیسی اپنانی چاہیے۔ مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ کراچی کے چار بڑے مسائل ہیں جنہیں حل کرنا ہے۔ جیسے بجلی بحران پر قابو پایا اسی طرح کراچی میں پانی کے مسئلے پر بھی قابو پائیں گے۔ ماضی کی حکومتوں نے کراچی کے شہریوں کو ٹینکر مافیا سے نجات نہیں دلائی۔

تین سال میں کراچی کے ہر گھر کو پینے کا صاف پانی فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے 5 سال میں بھاشا ڈیم ہر صورت مکمل کریں گے۔ 100 ارب روپے سے بھاشا ڈیم کے لیے زمیں خریدی جا چکی ہے۔بھاشا ڈیم پانی کے مسئلے کا فوری حل ہے۔ اور یہ 4 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ قومی وحدت اور اتفاق رائے کے بغیر کالا باغ ڈیم نہیں بن سکتا۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کا برا حال ہے۔ کاش میٹرو بس اور اورنج ٹرین لاہور کی بجائے پہلے کراچی میں بنتی۔ اگر وقت بچانا ہے تو بہترین ٹرانسپورٹ کی سہولیات دینی پڑیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملی تو کراچی میں ٹرانسپورٹ کے تمام مسائل حل کریں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ وعدہ کرتا ہوں کہ 6 ماہ کے اندر کراچی کا کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگا دیں گے۔

انہوں نے نے کہا کہ جدید کاروباری پالیسی متعارف کرائیں گے۔ ملک کے تمام معاشی مسائل حل کرکے ہمیں بھارت سے آگے نکلنا ہے۔ بھارت عسکری جنگ کی بجائے پانی کی جنگ کرے گا۔ ہمیں بھارت کے خلاف پانی کی جنگ کے لیے خود کو تیار کرنا ہے۔ ٹیکسٹائل سمیت تمام شعبوں میں بھارت سے آگے نکلنا ہو گا۔ ترقیاتی منسوبے جس تیز رفتاری سے پاکستان میں مکمل ہوئے بھارت میں نہیں ہو سکتے تھے۔

کیونکہ ہماری ترقی کرنے کی صلاحیت ان سے زیادہ ہے۔ بھارت سے ہر صورت معاشی جنگ جیتنی ہو گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ کراچی کا امن لوٹ چکا ہے۔ جس کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔  افواج پاکستان اور رینجرز نے کراچی سمیت پورے ملک کے امن کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔ انہو ں نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں ملک کی پہلی ٹیکنیکل یونیورسٹی قائم کی ہے جو کہ وقت کی ضرورت ہے۔

ٹیکنیکل گریجوایٹس پیدا کرکے ہم بے روزگاری کی لعنت ختم کرسکتے ہیں۔ قبل ازیں شہباز شریف کراچی کے پرانے ائیرپورٹ پر اترے تو سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، رانا مشہود احمد خان، مشاہد اللہ خان، سلیم ضیاء، شاہ محمد شاہ اور سلمان خان نے سینکڑوں کارکنوں کے ہمراہ صدر مسلم لیگ ن کا پر تپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر لیگی کارکنوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں