ایچ ای سی پاکستان نے جامعہ کراچی کے پی سی ون منصوبے کی منظوری دے دی

اتوار 15 جولائی 2018 18:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے جامعہ کراچی کے پی سی ون منصوبے کو منظور کرتے ہوئے تقریباایک ارب 80 کروڑ روپے کے خطیر فنڈ کی منظوری دے دی ہے جس کی پہلی قسط 400 ملین روپے جاری کردیئے گئے ہیں۔ اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان(ایچ ای سی) نے جامعہ کراچی کے پی سی ون منصوبے کو منظور کرتے ہوئے تقریباایک ارب 80 کروڑ روپے کے خطیر فنڈ کی منظوری دے دی ہے جس کی پہلی قسط 400 ملین روپے جاری کردیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ مارچ 2018 ء میں پلاننگ کمیشن اسلام آباد کے ا جلاس میں جامعہ کراچی کے لئے تقریباًایک ارب 80 کروڑ روپے کے خطیر فنڈ کی منظوری دی گئی تھی۔ مذکورہ اجلاس ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز کی زیر صدارت منعقد ہوا تھا جس میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے پی سی ون منصوبے پر ممبران کو تفصیلی بریفنگ دی تھی جس پر ممبران نے تحسین کا اظہار کرتے ہوئے مذکورہ منصوبے کی منظوری دی تھی ۔

(جاری ہے)

پی سی ون منصوبے پر شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد اجمل خان نے اپنا عہدہ سنبھالتے ہی کام شروع کیا اور ایک سال کے قلیل عرصے میں نہ صرف جمع کرایا بلکہ اب یہ منصوبہ کامیابی سے منظور ہوچکاہے اور اس کی پہلی قسط بھی جاری کردی گئی ہے، جو ان کے دور اندیش وژن اور جامعہ دوست پالیسیوں کا ثمر ہے۔مذکورہ گرانٹ جامعہ کراچی میں تدریسی اور تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مختص کی گئی ہے ۔

پی سی ون منصوبے کے مطابق مذکورہ فنڈ ز سے جامعہ میں تحقیقی سہولیات میں بہتری ،کلیہ سماجی علوم اور کلیہ علوم کے لئے نئے بلاکس کی تعمیر ، سینٹر فارڈیجیٹل فارنسک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جامعہ کراچی اورشعبہ ویژول اسٹڈیز کے نئے بلاک کی تعمیربشمول تمام سہولیات،جمنازیم اور شعبہ بائیوٹیکنالوجی کی تزئین وآرائش،جامعہ کراچی کے طلبہ کے لئے 10 نئی بسیں ،مین کمیونیکشن نیٹ ورک کی مزید بہتری ،نیشنل سینٹر فارپروٹیومکس کی سماعت گاہ کی تعمیر کی تکمیل،200 طالبات کے لئے گرلز ہاسٹل کے نئے بلاک کی تعمیرکے منصوبے شامل ہیں۔

ڈاکٹر اجمل خان نے مزید کہا کہ جامعہ کراچی کی ترقی میری اولین ترجیح رہی ہے اور محض ڈیڑھ سال کے قلیل عرصے میں جامعہ کراچی کی تعلیمی وتحقیقی صلاحیتوں میں بہتری آئی ہے۔ فنڈز کا مسئلہ حل ہوجائے تو وہ وقت دور نہیں کہ جامعہ کراچی کا شمار نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی صف اول کی جامعات میں ہوگا۔جامعہ کراچی میں انتہائی قابل اساتذہ موجود ہیں جو تدریسی وتحقیقی صلاحیتوں میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں