گورنر سندھ سے نئے تعینات ہونے والی ملائیشین قونصل جنرل کی ملاقات

پاک ملائیشیا دو طرفہ تعلقات ، عالمی حالات اور سی پیک کے تناظر میں کراچی شہر کی اہمیت ، سرمایہ کاری ، تجارت اور اقتصادی امور سمیت اہمیت کے حامل دیگر معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

پیر 16 جولائی 2018 21:48

گورنر سندھ سے نئے تعینات ہونے والی ملائیشین قونصل جنرل کی ملاقات
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر سے ملائیشیا کے نئے تعینات ہونے والے قونصل جنرل خیر النضرن عبد رحمن نے گورنرہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاک ملائیشیا دو طرفہ تعلقات ، عالمی حالات اور سی پیک کے تناظر میں کراچی شہر کی اہمیت ، سرمایہ کاری ، تجارت اور اقتصادی امور سمیت اہمیت کے حامل دیگر معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ سفارت کاری کے ذریعہ دوطرفہ تعلقات کے استحکام ، فروغ ،باہمی مفادات کے تحفظ ، مشترکہ اہداف اور دیگر امور کو احسن طریقہ سے انجام دیا جا سکتا ہے اس ضمن میں پاک ملائیشیا سفارت کار دوطرفہ مفادات کے لئے اہم خدمات انجام دے رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک ملائیشیا دوطرفہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم اور مضبوط ہورہے ہیں ، ملائیشیا کے سرمایہ کاروں کی پاکستان باالخصوص کراچی میں سرمایہ کاری سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ حاصل ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے کہا کہ عالمی حالات اور سی پیک کے تناظر میں کراچی کو خصوصی اہمیت حاصل ہے ، ملک کے معاشی حب کراچی کو بڑے اقتصادی شہروں میں منفرد مقام حاصل ہے ، جغرافیائی لحاظ سے اہم مقام پر ہونے کے باعث کراچی تجارتی نقل و حمل ، سرمایہ کاری اور کاروباری لحاظ سے پر کشش اہمیت رکھتا ہے یہاں پر اعلیٰ تعلیم یافتہ ، محنتی ، تجربہ کار اور کم لاگت افرادی قوت سرمایہ کاری کے لئے انتہائی اہم ہے ، شہر میں عرصہ دراز سے قائم ملٹی نیشنل کمپنیاں منافع بخش کاروبار میں مصروف عمل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش ہے ، شہر میں تعلیم ، صحت ، انفرااسٹرکچر ڈیویلپمنٹ ، توانائی اور دیگر شعبوں میں فوری منافع یقینی ہے اس ضمن میں ملائیشیا کے سرمایہ کار پر کشش ماحول سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے سرمایہ کاری کریں حکومت ملائیشیا کے سرمایہ کاروں کو بھرپو رتعاون ، مدد اور معاونت فراہم کرے گی ۔

ملاقات میں قونصل جنرل خیر النضرن عبد رحمن نے کہاکہ ان کی بھرپور کوشش ہوگی کہ ملائیشیا کے سرمایہ کار زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کے سرمایہ کار کراچی کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہیں امن و امان کے قیام کے بعد شہر سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل بن چکا ہے اس ضمن میں ملائیشیا کے سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں