سیکریٹری برائے کالج ایجوکیشن نے سندھ کے تمام ریجن کے ڈائریکٹرز سے جنرل الیکشن 2018ء کے حوالے سے انتظامی معاملات کا جائزہ لیا

بدھ 18 جولائی 2018 00:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) صوبائی محکمہ تعلیم کی سیکریٹری برائے کالج ایجوکیشن لبنیٰ صلاح الدین نے صوبہ سندھ کے تمام ریجن کراچی، میرپور خاص، سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد، شہید بے نظیر آباد کے ڈائریکٹرز سے ویڈیو لنک کے ذریعے جنرل الیکشن 2018ء کے حوالے سے انتظامی معاملات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں تمام حساس پولنگ اسٹیشن جو کالجز میں بنائے گئے ہیں ان میں سی سی ٹی وی کیمرہ کی تنصیب کے حوالے سے متعلقہ کالجز کے پرنسپل کو دن رات وہاں کوئی نمائندہ موجود رکھنے کی اور این آر ٹی سی کی ٹیم کے ساتھ تعاون کی مکمل یقین دہانی کی ہدایات جاری کیں۔

ان تمام کالجز پر الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق بنیادی ضروریات بجلی، پانی، واش روم اور بالخصوص اسپیشل افراد کیلئے ریمپ کی موجودگی کو یقینی بنانے کیلئے موقع پر موجود چیف انجینئر حسن عسکری کو براہ راست ہدایات جاری کیں۔ تمام ریجنل ڈائریکٹرز نے اس موقع پر سیکریٹری کالج ایجوکیشن لبنیٰ صلاح الدین کو اپنی رپورٹ پیش کی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری نزہت فاطمہ، ریجنل ڈائریکٹر کراچی معشوق بلوچ، ڈائریکٹر دلشاد مرزا، ڈائریکٹر ڈاکٹر ساجدہ پروین اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں