رینجرز کی اورنگی ٹائون میں کارروائی، ایم کیو ایم (لندن) کے دو انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار

بدھ 18 جولائی 2018 17:03

رینجرز کی اورنگی ٹائون میں کارروائی، ایم کیو ایم (لندن) کے دو انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) پاکستان رینجرز سندھ نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر اورنگی ٹائون کے علاقے میں پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم (لندن) کے سائوتھ افریقہ نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے دو انتہائی مطلوب ملزمان محمد بلال لودھی اور محمد ارشاد کو گرفتار کر لیا۔ رینجرز کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق دونوں ملزمان نے الیکشن 2018ء کے دوران اپنی قیادت کے حکم پر کراچی میں حریف پارٹیوں کے امیدواروں کو ٹارگٹ کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی تاکہ الیکشن سے قبل کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کیا جا سکے۔

اس سلسلے میں جون 2018ء میں ایم کیو ایم (لندن) کے سائوتھ افریقہ نیٹ ورک کی جانب سے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ٹیمیں تشکیل دی گئیں تاکہ مخالف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں اور ایم کیو ایم (لندن) کو چھوڑنے والے مختلف سیاستدانوں کو ٹارگٹ کیا جائے اور کراچی میں پرامن انتخابی عمل کو سبوتاژ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران الیکشن 2018ء میں ایم کیو ایم (لندن) قیادت کی ہدایت پر کراچی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کا اعتراف کیا جس کی تکمیل کے لئے ایم کیو ایم (لندن) سیکریٹریٹ نے مالی وسائل بھی فراہم کئے۔

ابتدائی طور پر ان ٹارگٹ کلرز کو پی ایس 128 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار معین اور اظہر عرف سیاں کی ٹارگٹ کلنگ کے احکامات دیئے گئے تھے۔ ان دونوں ملزمان نے مندرجہ بالا سیاسی امیدواروں کی ٹارگٹ کلنگ کرنے کے لئے مکمل ریکی کی اور انہیں ایم کیو ایم (لندن) سے تعلق رکھنے والے چند افراد کی جانب سے کراچی میں اسلحہ بھی فراہم کر دیا گیا تھا جو کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے برآمد کیا گیا۔

ٹارگٹ کلنگ ٹیم کے دیگر ممبران اور دونوں ملزمان کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لئے انٹیلی جنس بیس آپریشنز کئے جا رہے ہیں جبکہ دونوں گرفتار ملزمان کو مزید قانونی چارہ جوئی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ رینجرز اعلامیہ میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دہشت گردی اور دیگر جرائم کی روک تھام کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں اور کسی مشکوک فرد اور مشکوک سرگرمی میں ملوث عناصر کی اطلاع فوری طور پر رینجرز ہیلپ لائن 1101، رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں