کراچی کو کوڑا کرکٹ کا ڈھیر بنانے والے کس منہ سے ووٹ مانگتے ہیں،ڈاکٹر عارف علوی

چوروں اور لٹیروں کی سیاست کر رہی ہے جس سے ہم کراچی کو آزاد کریں گے، کارکنوں پر حملے تشویشناک ہیں،رہنما تحریک انصاف کا باغ جناح میں پریس کانفرنس

بدھ 18 جولائی 2018 21:15

کراچی کو کوڑا کرکٹ کا ڈھیر بنانے والے کس منہ سے ووٹ مانگتے ہیں،ڈاکٹر عارف علوی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و حلقہ پی ایس 111کے نامزد امیدوار عمران اسماعیل، حلقہ این اے 247کے نامزد امیدوار ڈاکٹر عارف علوی اور حلقہ پی ایس 101کے نامزد امیدوار فردوس شمیم نقوی نے باغِ جناح میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقعے پر پی ٹی آئی رہنما رشید گوڈیل،جمال صدیقی، بلال غفار، اسلم خان، آفتاب جہانگیر، اسلم بھاشانی، منصور شیخ، عطائ اللہ ایڈووکیٹ، عزیز آفریدی، افتخار فاروقی، الیاس شیخ، طاہر ملک اور فضا ذیشان بھی موجود تھے۔

اپنے خطاب میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی کا کہناتھا کہ چیئرمین عمران خان 22جولائی کو باغِ جناح میں ایک اہم جلسہ کریں گے۔ یہ تاریخ ساز جلسہ ہوگا جس میں عوام بھرپور شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

ہمارے کارکنوں پر حملے تشویشناک ہیں۔ ان کی جتنی مذمت کریں کم ہے۔ کراچی کو کوڑا کرکٹ کا ڈھیر بنانے والے کس منہ سے ووٹ مانگتے ہیں۔ بریانی کھلا کر ووٹ مانگنے والوں سے شہری مطمئن نہیں ہیں۔

کمشنر ڈسٹرکٹ ایسٹ ہمارے ساتھ کوئی کھیل نہ کھیلیں۔ پی پی چوروں اور لٹیروں کی سیاست کر رہی ہے جس سے ہم کراچی کو آزاد کریں گے۔ سندھ میں پی پی کی حکومت نہیں بنے گی۔ ہمارے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار آج ہمارے ساتھ ہیں۔ چیئرمین عمران خان کا جلسہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔ سینئر مرکزی رہنما عمران اسماعیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے جلسے کے لیے مئی میں درخواست دی تھی۔

ہم نے انتظامیہ کو سب کو خطوط لکھے تھے۔ کل ان کا جواب آیا کہ ہمیں کیوں خط لکھا۔ یہاں انتظامیہ گراؤنڈ ایم کیو ایم کو دینا چاہتی ہے۔اگر چار دن نہ ملے تو ہمارا جلسہ اس طرح نہیں ہوگا جیسا ہم چاہتے ہیں۔ میں درخواست کرتا ہوں کہ اس کام میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔ ہمارے جلسے کا پلان آپ کے سامنے ہے۔ اس جلسے میں ہم پانچ لاکھ افراد کی آمد کی توقع کر رہے ہیں۔

جن لوگوں نے گزشتہ برسوں میں کراچی کو کچھ نہیں دیا، اب کیا دیں گے۔ پچھلے تیس سال میں کراچی والوں سے جھوٹ بولا گیا۔ کراچی دیکھ رہا ہے کہ عمران خان کے سوا کوئی آپشن نہیں۔ پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ اب کراچی والوں کا موقع ہے۔ثابت کریں کہ وہ نیا پاکستان چاہتے ہیں۔ آؤ اور ثابت کرو کہ تم پرانا کراچی نہیں چاہتے۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کس پارٹی کے یہاں جھنڈے لگے ہیں۔

سب سے زیادہ رونا ایم کیو ایم کا ہے۔ ہم نے سب کو آزمالیا، اس بار صرف عمران خان۔ وزیر اعظم اس بار کراچی سے ہوگا اور وہ عمران خان ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ لوگ اس بار چوکنے ہیں کہ عدلیہ اور فوج کے خلاف بات نہ ہو۔ میڈیا نے گزشتہ الیکشن میں ٹھپے لگاتے ہوئے خود دکھایا تھا۔ اگر لوگ ٹیلی فون اندر نہیں لے جاسکتے تو میڈیا کو اندر جانا چاہئے۔ ایک اور سوال کے جواب میں پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی کی آبادی غلط دکھائی گئی، ہم اس پر کام کریں گے۔ اگر کراچی کی آبادی زیادہ ہے تو اسے ظاہر ہونا چاہئے۔ صرف پی ٹی آئی کو کراچی کے مسائل نظر آرہے ہیں اور پی ٹی آئی ہی کراچی کے مسائل حل کرے گی۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں