سندھ کے شہری علاقے پر مشتمل جنوبی صوبہ بنانے کے لئے دیگر قوموں کی حمایت ضروری ہے، آفاق احمد

میں کالا باغ ڈیم کی حمایت اس لئے کرتا ہوں کہ بھارت نے متعدد ڈیمز بناکر پاکستان کا پانی روکنا شرو ع کردیا ہے،پانی موت زندگی کا مسئلہ ہے ،جس کے لئے ہمیں ڈیم بنانا ہوگا، پریس کانفرنس

بدھ 18 جولائی 2018 22:17

سندھ کے شہری علاقے پر مشتمل جنوبی صوبہ بنانے کے لئے دیگر قوموں کی حمایت ضروری ہے، آفاق احمد
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جولائی2018ء) مہاجر قومی موومنٹ کے چئیرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ سندھ کے شہری علاقے پر مشتمل جنوبی صوبہ بنانے کے لئے دیگر قوموں کی حمایت ضروری ہے ،بغیر نئے صوبے شہری علاقوں کے مسائل حل نا ممکن ہے ،شہری ودیہی علاقوں میں تفریق سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے،شہر کراچی میں بسنے والی دیگر قومیتوں کو برابر کا شہری سمجھتے ہیں،وہ بدھ کو کراچی پریس کلب میں پروگرام میٹ دی پریس سے خطاب کررہے تھے،کلب آمد پر صدر پریس کلب احمد خان ملک ،سکریٹری مقصود یوسفی اور اراکین گورننگ باڈی نے آفاق احمد کا خیر مقدم کیا،اس موقع پر انہیں اجرک اور گلدستہ پیش کیا گیا،آفاق احمد نے کہا کہ (ن)لیگ کی سیاست کا محور پنجاب ہے اور شہباز شریف کراچی بلدیہ ٹاؤن کے اس حلقے سے انتخاب لڑ رہے ہیں جہاں زیادہ تعداد پنجابی اور پختونوں کی ہے ،اسی طرح عوامی نیشنل پارٹی کے امیدواران بھی کراچی کے ان حلقوں سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جہاں پختون ووٹرز ہائش پزیر ہیں،انہوں نے کہا کہ کراچی کی آبادی سندھ کے دیگر تمام علاقوں سے زیادہ ہے،تاہم ایک مقصد کے تحت آبادی کم ظاہر کی گئی ہے ،کراچی بندرگاہ ہیں اور صنعتیں رکھنے والا شہر ہے ،جہاں ہر سال 6 فیصد لوگ دیگر علاقوں سے آتے ہیں،ایک سوال پر آفاق احمد نے کہا کہ میں کالا باغ ڈیم کی حمایت اس لئے کرتا ہوں کہ بھارت نے متعدد ڈیمز بناکر پاکستان کا پانی روکنا شرو ع کردیا ہے،پانی موت زندگی کا مسئلہ ہے ،جس کے لئے ہمیں ڈیم بنانا ہوگا،انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں ضروری ہوچکا ہے کہ جنہوں نے قومی دولت لوٹی ہے وہ پیسہ واپس لیکر ڈیمز کی تعمیر کی جائے،آفاق احمد نے کہا کہ کراچی جتنا ریونیو وفاق کو فراہم کرتا ہے اس کا10 فیصد ہمیں ملنا چاہئیے،تاکہ یہاں لوگوں کو بہتر معیار زندگی میسر آسکے،ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم اس لئے مہاجر ہیں کہ ہمارے آباواجداد نے بھارت سے ہجرت کی تھی،ہم یہاں مستقل طورپر آباد ہوگئے ہیں ،ہم رفوجیز نہیں ہیں،ایک سوال پر انہو ں نے کہا کہ مجھ پر یہ الزام درست ثابت نہیں ہوسکا کہ مجھے 1992 میں ایجنسیاں لیکر آئی تھیں،اگر ایجنسی سے تعلق ہوتا تو ساڑھی8 سال جیل میں نہ گزارتا ،پرویز مشرف کے دور حکومت ہم پر بدترین ظلم کیا گیا ،ہمارے بہت سے ساتھیوں کو شہید کیا گیا اور مجھ پر یہ دباؤ ڈالا گیا کہ میں ملک چھوڑ کر چلا جاؤں،پرویز مشرف نے سعودیہ میں ایک ملاقات کے دوران یہ کہا کہ آفاق احمد آپ کے بارے میں مجھے یہ کہا گیا تھا کہ آفاق احمد کو مار دیا گیا جائے ،لیکن میں نے آپ پر احسان کیا کہ آپ کو جیل میں قید کردیا تھا،آفاق احمد نے کہا کہ آج لوگ ہماری بات کو سمجھ چکے ہیں اور آئندہ انتخابات میں موم بتی پر نشان لگاکر ہمارا ساتھ دیں گے،انہوں نے کہا کہ میں یہ دعویٰ نہیں کرتا کہ ہم پورے ملک میں نشستیں حاصل کر کے اپنا وزیراعظم لاسکیں گے،متحدہ قومی موومنٹ نے ماضی میں پنجاب کے مختلف علاقوں سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیکر کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کی،لیکن وہ وہاں اپنا ایک کونسر بھی منتخب نہیں کراسکی،انہوں نے کہا کہ میں فیڈرل بی ایریا اور لیاقت آبادمیں گیا تو وہاں لوگوں نے بہت اچھا رسپانس دیا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ انتخابات2018 میں ہمیں کامیاب کرائیں گے ،آفاق احمد نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ کراچی میں امن قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قائم کیا ہے ،اگر یہ حقیقت ہے تو جوکراچی کی بدترین صورتحال تھی اس کی ذمہ داری کس پر عائد کی جائے،انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونے والی قتل وغارت گری کی ذمہ داری سیاسی جماعتوں پر ڈالنا درست بات نہیں ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں