کراچی میں ٹریفک پولیس آفیسر ڈانس کرنے پر معطل

کراچی میں پولیس آفیسر کو وردی پہن کر ڈانس کرنے پر معطل کر دیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 19 جولائی 2018 17:05

کراچی میں ٹریفک پولیس آفیسر ڈانس کرنے پر معطل
کراچی ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19جولائی 2018ء) : کراچی کے پولیس آفیسر کو ڈانس کرنے پر معطل کر دیا گیا۔ ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ خیر محمد نامی پولیس آفیسر کے خلاف یونیفارم میں ڈانس کرنے پر محکمہ جاتی کاروائی کی جائے گی۔اے ایس آئی خیر محمد نے گزشتہ رات گھر جاتے وقت برنس روڈ پر رقص کیا تھا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خیر محمد نامی پولیس آفیسر برنس روڈ پر ڈیوٹی دیتے ہیں۔

گزشتہ رات ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دینے کے بعد جب وہ گھر لوٹ رہے تھے، تو پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک الیکشن کیمپ لگا ہوا تھا۔جہاں پارٹی نغمے بھی لگے ہوئے تھے۔نغمے سن کر پولیس آفیسر بھی جوش میں آ گئے اور ڈانس کرنا شروع کر دیا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس آفیسر نا صرف خود ڈانس کر رہے ہیں بلکہ وہاں موجود باقی لوگوں کو بھی اپنے ساتھ ڈانس کرنے کا کہہ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اور لوگوں کو پکڑ پکڑ کر اپنے ساتھ ڈانس کرنے کا کہہ رہے ہیں۔موقع پر موجود لوگ پولیس آفیسر کے ڈانس کے خوب مزے لیتے رہے اور مسکراتے بھی رہے ۔پولیس آفیسر کی وہاں پر موجود کسی شخص نے ویڈیو بنا لی اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی۔سوشل میڈیا پر تو خیر محمد کے ڈانس کو خوب پسند کیا گیا تا ہم خیر محمد کو ڈانس کرنے کے بعد لینے کے دینے پڑ گئے۔جب ویڈیو ایس ایس پی تک پہنچی تو انہوں نے فورا ایکشن لیا اور کہا کہ کسی بھی اہلکار کو وردی میں رقص کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

اور خیر محمد نا صرف ڈانس کر رہے ہیں بلکہ وہ ایک مخصوص سیاسی جماعت کے نغمے پر ڈانس کر رہے ہیں۔ایس ایس پی نے فوری طور پر مذکورہ اے ایس آئی کو معطل کر کے محکمہ جاتی کاروائی کا حکم دیا ہے۔ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ڈانس کرنے والے پولیس آفیسر کے خلاف مزید کاروائی بھی کی جائے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں