قومی معیشت کے استحکام میں کاروباری افراد بھرپور تعاون فراہم کررہے ہیں

گورنر سندھ کی آل کراچی جیولرز اینڈ مینو فیکچرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو

جمعرات 19 جولائی 2018 21:06

قومی معیشت کے استحکام میں کاروباری افراد بھرپور تعاون فراہم کررہے ہیں
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ قومی معیشت کے استحکام میں صنعت کار ، تاجر اور کاروباری افراد بھرپور تعاون فراہم کررہے ہیں، کاروباری افراد نے کراچی کے مشکل حالات میں بھی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں جس سے قومی معیشت کو استحکام حاصل رہا اس ضمن میںآل کراچی جیولرز اینڈ مینو فیکچرز ویلفیئر ایسوسی ایشن سماجی سرگرمیوں میں اضافہ کے لئے اپنی کاروباری سرگرمیوں کے ذریعہ اہم قومی خدمت انجام دے رہے ہیں۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں آل کراچی جیولرز اینڈ مینوفیکچرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر حسین قریشی کی سربراہی میں آنے والے 30 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

وفد میں سیکریٹری جنرل راشد علی شاہ، ذیشان اختر، محمد یاسین، حاجی فرید داد، ارشاد علی اور حاجی ندیم خان سمیت دیگر اراکین شامل تھے۔

ملاقات میں امن و امان، قومی معیشت، کاروباری سرگرمیاں، جرائم کی روک تھام میں اٹھائے گئے اقدامات، عام انتخابات میں کاروباری افراد کے کردار ، آئندہ منتخب حکومت سے تاجر برادری کی توقعات ، گذشتہ حکومت کے اقدامات با الخصوص کراچی میں امن امان کے قیام ، انرجی بحران کے خاتمہ اور قومی معیشت کے استحکام سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ پاکستا ن کی معاشی شہ رگ کراچی قومی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والا سرفہرست شہر ہے جہاں کی سرگرمیوں کا اثر پورے ملک پر پڑتا ہے، 2013ء میں اقتصادی حب کراچی سمیت پورے ملک کے حالات انتہائی خراب اور توانائی کا بحران کے باعث قومی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے تھے لیکن گذشتہ حکومت نے شہر کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت کے بعد جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا تفریق و دبائو آپریشن کیا جس میں پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ کاروباری افراد نے بھرپور ساتھ دیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے مثل قربانیاں دے کر شہر کو پرامن بنادیا ہے جسے پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ حکومت نے امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ توانائی بحران کے خاتمہ کے لئے میگا پروجیکٹس شروع کئے جن کی تکمیل کے ساتھ ساتھ نیشنل گرڈ میں بجلی تسلسل سے آرہی ہے، امن و امان کے قیام ، انرجی بحران کے خاتمہ اور معاشی پالیسی کے باعث قومی معیشت کو استحکام حاصل ہوا، آج ہر شعبوں سے مثبت نتائج حاصل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء کے مقابلہ میں آج کا پاکستان پرامن اور ترقی کی سمت گامزن ہے باالخصوص معاشی شہ رگ کراچی میں معاشی، اقتصادی، کاروباری، سماجی، ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بن گیا ہے جہاں پر رات گئے تک سرگرمیاں جاری رہتی ہیں اس کا سارا کریڈٹ گذشتہ حکومت کے سر جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں امن و امان کے قیام کے بعد اغواء برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو گیا ہے، شہر سے اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لئے حکومت بھرپور اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے جیولرز اپنی مہارت اور نت نئے ڈیزائن کے باعث منفرد مقام رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ شہر سمیت پورے ملک سے لوگ جیولری کا سامان خریدنے کے لئے کراچی کا رخ کرتے ہیں جو ان کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے، حکومت شہر میں کاروباری سرگرمیوں کو مزید پروان چڑھانے کے لئے تاجربرادری کے تعاون سے مزید اقدامات یقینی بنا رہی ہے آج کا تاجر زیادہ محفوظ اور منافع بخش کاروباری سرگرمی سے وابستہ ہے۔

گورنرمحمد زبیر نے کہا کہ عام انتخابات ہماری قومی تاریخ میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گے، عام آدمی سے زیادہ کاروباری افراد پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قومی ترقی کی وژنری قیادت کے انتخابات میں لوگوں کو آگاہ کریں اور ایسی قیادت کا انتخاب عمل میں لائیں جس سے پالیسیوں کا تسلسل جاری اور قومی ترقی میں مزید اضافہ ہو سکے۔ ملاقات میں وفد نے گورنرسندھ محمد زبیر کے بڑے بھائی طارق عمر کے انتقال پر تعزیت کا اظہا ر کرتے ہوئے فاتحہ خوانی بھی کی۔

ایسوسی ایشن کے صدر حسین قریشی نے اس موقع پر کہا کہ امن و امان کے قیام اور توانائی بحران کے خاتمہ سے شہر میں کاروباری سرگرمیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے شہر میں دیگر کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ جیولرز کا کاروبار بھی مسلسل بڑھ رہا ہے جس سے اس کاروبار سے وابستہ افراد مزید سرمایہ بھی لگارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں اسٹریٹ کرائمز کے خاتمہ کے بعد کاروباری سرگرمیوں میں مزید اضافہ یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی پالیسی، قومی ترقی و ضروریات اور عالمی معاشی نقشہ پر پاکستان کو نمایاں مقام دلانے کے لئے وژنری قیادت کا انتخاب وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں