پولٹری، ڈیری اور لائیو سٹاک کے شعبہ میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے،

ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار اس شعبہ میں سرمایہ کاری کی بہترین اور لچکدار پالیسی سے استفادہ کرتے ہوئے دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں صدر مملکت ممنون حسین کا پاکستان پولٹری، ڈیری اور لائیو سٹاک ایکسپو 2018ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 20 جولائی 2018 00:09

پولٹری، ڈیری اور لائیو سٹاک کے شعبہ میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے،
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک کی زرعی معیشت بالخصوص پولٹری، ڈیری اور لائیو سٹاک کے شعبہ میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار اس شعبہ میں سرمایہ کاری کی بہترین اور لچکدار پالیسی سے استفادہ کرتے ہوئے دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں پاکستان پولٹری، ڈیری اور لائیو سٹاک ایکسپو 2018ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صدر ڈیری کیٹل فارمر ایسوسی ایشن شاکر عمر گجر، چیئرمین بخاری گروپ سردار رفیق خان، چیف ایگزیکٹو آفیسر لینڈ مارک کمیونیکیشن محمد علی ہمدانی اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے پاکستان کے پہلے پولٹری، ڈیری و لائیو سٹاک ایکسپو کے انعقاد کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ یہ نمائش ملک میں اس شعبے اور قومی معیشت کو بہترین بنیاد فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

اس سے نہ صرف صنعت ترقی کرے گی بلکہ صارفین کا معیار زندگی بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ گوشت، انڈے، دودھ اور ان سے متعلقہ دیگر مصنوعات انسان کی بنیادی ضرورت اور آنے والی نسلوں کی بہتر پرورش کا لازمی ذریعہ ہے لیکن یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ اس شعبے میں جہاں گزشتہ چند دہائیوں کے دوران نئے رجحانات متعارف ہوئے ہیں وہیں ان اشیاء اور مصنوعات کے معیار میں کسی قدر کمی بھی واقع ہوئی ہے جس سے ملک میں غذا اور صحت کے سلسلے میں مسائل پیدا ہوئے۔

اس سے زیادہ پریشان کن صورتحال یہ تھی کہ منڈی کی معیشت پروان چڑھنے کے باعث زیادہ سے زیادہ منافع کے حصول کے لئے معاشرے میں جھوٹی سچی معلومات کا سیلاب آ گیا اور مختلف عناصر نے اپنے مادی مفادات کی خاطر عوام کو گمراہ کیا۔ اس طرح ہمارے لوگوں کی بہت سی اچھی غذائی عادات بھی متاثر ہوئیں اور مارکیٹ میں نت نئے معیاری اور غیر معیاری برانڈ آ جانے سے عوام پر مالی دبائو بھی بڑھ گیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ اس صورتحال کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ زیادہ سے زیادہ منافع حاصل کرنے کی دوڑ رہی ہے جس سے معیار کے ناگزیر تقاضوں اور عوام کی صحت کے معاملات کو بڑی حد تک نظر انداز کر دیا گیا۔ اس کی دوسری وجہ غیر پیشہ ورانہ انداز کار بھی تھا۔ صدر نے کہا کہ اس نمائش کے انعقاد سے وطن عزیز میں پیشہ ورانہ رجحانات کو تقویت ملے گی۔ ڈیری اور پولٹری مصنوعات کی تیاری اور فروخت کے سلسلے میں صحت مند مسابقت فروغ پائے گی جس کے نتیجے میں نہ صرف عوام کو معیاری مصنوعات میسر آئیں گی بلکہ پاکستان کی مقامی صنعت بھی فروغ پائے گی۔

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے۔ یہاں کے موسم متنوع اور سازگار ہیں۔ ملک کے طول و عرض میں بہترین چراہ گاہیں اور سبزہ زار موجود ہیں جو زرعی معیشت، گلہ بانی اور اس سے متعلقہ صنعتوں کے لئے شاندار ہیں لیکن گزشتہ چند دہائیوں کے دوران مختلف عالمی اور داخلی مسائل، غیر موزوں پالیسیوں اور مناسب حکمت عملی کی عدم تسلسل کی وجہ سے یہ شعبہ توجہ سے محروم رہا۔

یہی وجہ تھی کہ اس شعبہ میں وطن عزیز کی صلاحیت نظر انداز ہوئی اور ایسے رجحانات پروان چڑھے جو پاکستان کی آب و ہوا اور یہاں کے عوام کے لئے مناسب نہ تھے۔ صدر نے کہا کہ اس صورت حال سے موقع پرست عناصر نے فائدہ اٹھایا اور پوری مارکیٹ مختلف رحجانات کا ملغوبہ بن گئی جس سے صارفین سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ صدر نے کہا کہ متعلقہ ایسوسی ایشنوں، حکومت اور پاکستان کے عوام کے سامنے سب سے بڑا چیلنج یہی ہے کہ مقامی صلاحیتوں کو ترقی دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بھینس کے دودھ کا معیار دیگر جانوروں کے دودھ کے مقابلے میں کہیں بہتر اور انسانی صحت کے لئے مفید ہے لیکن مارکیٹ اکانومی کی جادوگری کی وجہ سے بھینس اور اس کے دودھ سے بننے والی مصنوعات تو کہیں پیچھے رہ گئیں اور غیرمقامی رحجانات فروغ پانے لگے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی نمائشیں مقامی اور صحت مندانہ رحجانات کو فروغ دینے کے علاوہ ٹیکنالوجی کے اعتبار سے بھی اس شعبے کی ترقی کا ذریعہ بنیں گی۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ نمائش کے انعقاد کے حوالے سے ہالینڈ کے سفارتخانے سمیت جن لوگوں نے معاونت کی، ان سب کو مبارک باد دیتا ہوں اور توقع رکھتا ہوں کہ یہ نمائش وطنِ عزیز میں اس شعبے کو ترقی دینے کے علاوہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کا ذریعہ بھی بنے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں